تہران: ایرانی صدر مسعود پیزشکیان اور یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل نے اتوار کو 2015 کے جوہری معاہدے کو بحال کرنے پر بات چیت دوبارہ شروع کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی صدر کے دفتر کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک بیان کے مطابق، ایک فون کال میں، دونوں فریقوں نے دو طرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا، جس میں دنیا میں کثیرالجہتی کو فروغ دینا اور غزہ میں پیشرفت شامل ہے۔
ایران اور معاہدے کے دیگر فریقوں کے درمیان جوہری مذاکرات کی بحالی پر بات کرتے ہوئے مسٹر پیزشکیان نے کہا کہ باہمی اعتماد اور باہمی مفادات کا تحفظ کسی بھی معاہدے کی بنیاد ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں کو اپنے وعدے پورے کرنے چاہئے اور باہمی اعتماد سازی میں مدد کرنی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ جوہری معاہدے کو بحال کرنے کے علاوہ دیگر دو طرفہ امور پر بھی بات چیت کی جا سکتی ہے۔
مسٹر پیزشکیان نے کثیرالجہتی عالمی نظام کے قیام کی ضرورت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ایران جیسے ممالک کے بارے میں امریکی پالیسیوں اور ان پر دباؤ ڈالنے اور ان کے حقوق اور مفادات سے محروم کرنے کی کوششوں کا مقصد ایک نیا عالمی نظام قائم کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا میں استحکام اور امن کی بحالی کو روکنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ دنیا اور تمام لوگوں کے لیے امن و استحکام کو یقینی بنانے کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی حصے میں ان اقدار کو خطرہ بننے والے کسی بھی رجحان یا تحریک کو روکا جانا چاہیے۔
یو این آئی