سری نگر:جموں وکشمیر کے لیفتیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ جموں خطے سے بھی ملی ٹنسی کو اسی طرح جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا جس طرح کشمیر میں اس کو ختم کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں خاص کر ہمارے ہمسایہ ملک کو جموں وکشمیر میں قائم امن سے پریشانی ہو رہی ہے اور وہ یہاں ملی ٹنسی کو دوبارہ زندہ کرنا چاہتے ہیں۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘جموں و کشمیر میں ہو رہی تبدیلی سے کچھ لوگوں کو پریشانی لاحق ہے اور وہ اس تبدیلی سے بوکھلائے ہوئے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ہمارا ہمسایہ ملک جو دہشت گردی کا سرغنہ ہے، جموں خطے میں دہشت گردی کو پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن اس کے ناپاک منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا’۔
منوج سنہا نے کہا: ‘جموں خطے کے لوگوں نے ہمیشہ دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے اور مجھے اپنے بہادر جوانوں کی بہادری پر پورا بھروسہ ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘جلد سے جلد جس طرح کشمیر میں تمام دہشت گرد تنظمیوں کے کمانڈروں کو ختم کیا گیا اسی طرح جموں میں بھی ہمارے سیکورٹی فورسز دہشت گرد کمانڈروں کا صفایا کریں گے’۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں روزانہ کی بنیاد پر 5 سو 40 لڑے لڑکیاں کاروباری بن رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یونین ٹریٹری میں اب تک 8 سو 40 اسٹارٹ اپس سامنے آئے ہیں جن میں سے 2 سو 65 کو لڑکیاں چلا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘ہم چاہتے ہیں ہماری یونین ٹریٹری کی خواتین کاروباری اپنی محنت اور مستحکم مہم کے ذریعے عالمی برانڈز بن جائیں اور اپنی قمست سنواریں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘خواتین کی زیر قیادت ترقی ہماری توجہ کا مرکز ہے اور معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لئے خواتین کی معاشی شراکت کے لئے کافی کوششیں کی گئیں’۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو بزنس سیکٹر میں پہچان دلانے کی ہر مکن کوشش کی جا رہی ہے۔