نئی دہلی:سپریم کورٹ کے حکم کے بعد نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے سنیچر کو شہر اور امتحانی مرکز کی سطح پر این ای ای ٹی یوجی-2024 کے امتحان میں شامل ہونے والے تمام امیدواروں کے نتائج کو اپنی ویب سائٹ پر جاری کردیا۔
ان تمام امیدواروں کے نتائج جنہوں نے انڈرگریجویٹ میڈیکل اور دیگر کورسز میں داخلے کے لیے 5 مئی کو منعقدہ قومی اہلیت کم داخلہ ٹیسٹ ( این ای ای ٹی یوجی) 2024 میں شرکت کی تھی، کو طلبہ کی شناخت ظاہر کیے بغیر شہر اور امتحانی مرکز کی سطح پر ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیے گئے ہیں۔
چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس جے بی پارڈی والا اور منوج مشرا کی بنچ نے این ای ای ٹی۔ یوجی 2024 کو منسوخ کرنے اور بڑے پیمانے پر ہونے والی بے ضابطگیوں اور بعد میں دیگر درخواستوں کی وجہ سے فریقین کی طرف سے کئی گھنٹوں تک دلائل سنے۔ یہ ہدایت 18 جولائی کو دی گئی تھی۔
درخواست دہندگان کی جانب سے این ای ای ٹی یوجی امتحان کے دوبارہ انعقاد کا مطالبہ کرتے ہوئے امتحان کے شہر اور امتحانی مرکز کی بنیاد پر الگ الگ تمام نتائج کا اعلان کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
بنچ نے تب کہا تھا کہ وہ اس معاملے کی اگلی سماعت پیر کو جاری رکھے گی۔ اس دن، مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) اور پٹنہ پولس کے ذریعہ اس معاملے میں درج فوجداری مقدمات سے متعلق تحقیقات کی پیشرفت اور دیگر پہلوؤں کا نوٹس لیا جائے گا اور دوپہر کے کھانے سے پہلے معاملے کو نمٹانے کی کوشش کی جائے گی۔
مانا جا رہا ہے کہ سپریم کورٹ 24 جولائی سے شروع ہونے والے این ای ای ٹی یوجی امتحان سے متعلق کونسلنگ سے پہلے بڑا فیصلہ سنا سکتی ہے۔