نیوز ڈیسک
گریز: محکمہ خوراک شہری رسدات وامورصارفین کے تحصیل سپلائی افسرگریز، غلام محمد شالی کی سبکدوشی پر داور گریز میں ایک پُر وقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جسمیں گریز کے فورڈ اینڈ سپلائیز ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر اور ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹیو کمیٹی کے چیئرمین اعجاز احمد خان نے مہمان ذی وقار کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ متعلقہ محکمہ کے مقامی درجنوں ملازمین بھی اس تقریب کا حصہ بنیں ۔
واضح رہے کہ خوراک شہری رسدات وامورصارفین کے تحصیل سپلائی افسر، غلام محمد شالی کئی دہائیوں تک محکمہ میں بر سر پیکار رہ کر30اپریل2024کو سبکدوش ہوئے تھے۔ انہوں نے محکمے میں ایک بے داغ، صاف و شفاف، شاندار اور یادگار مدت گزاری۔ اس موقع پر ان کی خدمات کو یاد کیا گیا۔
فورڈ اینڈ سپلائیز ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر اور ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹیو کمیٹی کے چیئرمین اعجاز احمد خان نے اپنے خطاب میں غلام محمد شالی کی محکمانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ غلام محمد شالی نے محکمہ میں اپنی مدت ِ ملازمت کے دوران ایمانداری اور تن دہی سے اپنی خدمات انجام دیں ،جنہیں کسی بھی طور پر فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے ۔
ان کا کہناتھا ’ غلام محمد شالی کی عوام اور محکمہ کے تئیں خدمات ملازمین کے لئے مشعل ِ راہ ہے ۔‘اعجاز احمد خان نے کہا کہ ایک سرکاری ملازم کے لئے مدت ملازمت مکمل ہونے پر باعزت سبکدوشی سے بڑا اعزاز دوسرا نہیں ہو سکتا۔ان کا کہناتھا کہ دو ماہ قبل سرینگر میں غلام محمد شالہ کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی ،جس میں محکمہ کے اعلیٰ ذمہ داراں نے شرکت کی ۔
اعجاز احمد خان نے کہا کہ یہ اللہ تعالی کا ان پر احسان ِعظیم اور لطف ِکرم ہے کہ صحت اور عزت کے ساتھ مدت ملازمت کی تکمیل یقینی بن گئی۔اس موقع پر انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فو رڈ اینڈ سپلائیز ایمپلائز ایسوسی ایشن اور ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹیو کمیٹی مشترکہ طور اور ایک ہی پلیٹ فارم پر ملازمین کے جائز مطالبات کے حق میں اپنی آواز بلند کرتی رہے گی اور اس حوالے سے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا ۔
انہوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گور نر منوج سنہا اور اعلیٰ انتظامی افسران سے اپیل کی کہ وہ ملازمین کے جائز مطالبات کو پورا کریں اور گریز میں فی الوقت آن لائن نظام کو رائج نہ کریں ،کیوں کہ گریز اور اسکے گرد نواح میں بجلی اور انٹر نیٹ خدمات اب بھی صد فیصد دستیاب نہیں ہیں ،ایسے میں راشن کی تقسیم کاری میں مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں ۔
غلام محمد شالی نے متعلقہ محکمہ کے ملازمین کی جانب سے پر وقار الوداعی تقریب منعقد کر نے پر شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ وہ سیول سوسائٹی رکن کی حیثیت سے اب گریز کے عوام کے مسائل ومشکلات کو اُجاگر کریں گے ۔غلام احمد شالی کو مختلف ملازمین نے پھول مالائیں پہنائیں اور قرآن شریف کا ایک نسخہ بھی عطا کیا گیا ۔ملازمین نے غلام محمد شالی کو خدمات کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا ۔