اس سال جموں و کشمیر کے 7008 عازمین نے مناسک حج ادا کیا، ہیٹ اسٹروک سے 11 کی موت: حکام
سری نگر: حج 2024 کی آخری پرواز، 317 عازمین کو لے کر، جمعہ کی صبح سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پرلینڈ کرگئی۔تاہم، یہ سفر سانحہ کی وجہ سے متاثر ہوا ہے، کیونکہ حکام کے مطابق اس سال حج کے دوران جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے 11 عازمین ‘ہیٹ اسٹروک’ کا شکار ہو گئے ۔
جموں و کشمیر حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر شجاعت قریشی نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ جمعہ کی صبح عازمین کا آخری قافلہ سرینگر پہنچ گیا،جس کی تعداد 317 عازمین پر مشتمل تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2 حاجی سعودی عرب میں رہیں گے کیونکہ ایک حاجی اب بھی ہسپتال میں زیر علاج ہے اور اس کے شوہر بھی ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا، "اس سال، جموں و کشمیر سے کل 7008 عازمین نے مقدس سفر کا آغاز کیا، افسوس کی بات ہے کہ ان میں سے 11 ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے انتقال کرگئے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "اس سال کے حج کے لیے یہ آخری پرواز تھی۔ 317 عازمین کے ساتھ پرواز آج صبح سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتری ہے”۔
حکام نے تاہم اس سے قبل کہا تھا کہ آخری پرواز جمعرات کو سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آنی تھی، لیکن اسے منسوخ کر کے جمعہ کی صبح کے لیے دوبارہ شیڈول کر دیا گیا۔
انتظامات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر قریشی نے کہا کہ اس سال سہولیات پچھلے سال کے مقابلے بہترتھیں اور مدینہ منورہ میں مرکزیہ (مسجد نبوی ص کے 400 میٹر کے اندر) کے اندر رہائش کا انتظامات کئے گئے تھے اور ہوٹلوں کا معیار بہت بہتر تھا۔
تاہم انہوں نے کہا کہ عرفات کے دن شدید گرمی اور مشائر کے علاقے میں نقل و حرکت کے دوران ٹریفک جام حج 2024 کے لیے چیلنج تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ "مکہ میں ٹرانسپورٹ کی سہولیات گزشتہ برسوں کے مقابلے بہتر تھیں۔ مشائر کے علاقے میں، منیٰ میں قیام کے دوران سبھی کو منیٰ کی روایتی حدود میں رکھا گیا تھا”۔