نیوزڈیسک
جموں: جموں وکشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں فوجی قافلے پر خونین حملہ اور ڈوڈہ کے جنگلی علاقے میں انکائونٹر کے بعد ملوث ملی ٹنٹوں کی تلاش کے لئے بدھ کو وسیع پیمانے پرتلاشی آپریشن جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈوڈہ کے جنگل علاقے جہاں گذشتہ روز سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان انکائونٹر ہوا تھا، کا بدھ کی صبح محاصرہ سخت کرکے تلاشی آپریشن کو مزید وسیع اور تیز تر کر دیا گیا ہے تاکہ وہاں چھپے ملی ٹنٹوں کو تلاش کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ فوج کی مزید نفری کو علاقے میں تعینات کیا گیا ہے اور تمام راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔
بتادیں کہ منگل کی سہ پہر سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد ڈوڈہ کے گالی گڈی جنگل علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا جس دوران طرفین کے درمیان انکائونٹر چھڑ گیا تھا۔
دریں اثنا قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے منگل کے روز کٹھوعہ کا دورہ کیا اور اس جگہ کا معائنہ کیا جہاں پیر کی سہ پہر ملی ٹینٹوں نے فوجی گاڑی پر حملہ کیا تھا۔کٹھوعہ میں بھی حملہ آوروں کی تلاش بڑے پیمانے پر کی جارہی ہے اور وسیع علاقے میں سیکیورٹی مشترکہ آپریشن چلا رہے ہیں ۔
جموں وکشمیر کے پولیس سربراہ آرآر سوین اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں آنند جین ملی ٹینٹ مخالف آپریشن کی از خود نگرانی کر رہے ہیں۔
کٹھوعہ ضلع کے لوہی ملہار علاقے میں پیر کی سہ پہر ملی ٹینٹوں نے فوجی گاڑی پر گھات لگا کر حملہ کے نتیجے میں جونیئر کمیشنڈ آفیسر(جے سی او) سمیت 5 اہلکار جاں بحق جبکہ چھ دیگر زخمی ہوئے تھے۔
یو این آئی