نئی دہلی،: ایس سی او کونسل کے سربراہان مملکت کا 24 واں اجلاس (ایس سی او سمٹ) قزاقستان کی صدارت میں 4 جولائی کو آستانہ میں منعقد ہو رہا ہے۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر ایس سی او سربراہی اجلاس میں ہندوستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
اس سربراہی اجلاس میں توقع ہے کہ تنظیم کی گزشتہ دو دہائیوں میں ہونے والی سرگرمیوں کا جائزہ لیا جائے گا اور کثیر جہتی تعاون کی حیثیت اور امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ میٹنگ میں علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے اہم موضوعات پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
ایس سی او میں ہندوستان کی ترجیحات وزیر اعظم کے ’سکیور‘ ایس سی او کے وژن سے تشکیل پاتی ہیں۔ سکیور کا مطلب سیکورٹی، اقتصادی تعاون، رابطہ، اتحاد، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام اور ماحولیاتی تحفظ ہے۔
ایس سی او کی اپنی پہلی صدارت میں ہندوستان نے 4 جولائی 2023 کو ورچوئل فارمیٹ میں ایس سی او کے ریاستی سربراہان کی کونسل کی 23ویں میٹنگ کی میزبانی کی۔
ایس سی او کے رکن ممالک دنیا کی نصف آبادی اور عالمی جی ڈی پی کے تقریباً ایک تہائی حصے کو کور کرتےہیں۔ 2024 کے سربراہی اجلاس میں بیلاروس کے دسویں رکن کے طور پر شمولیت کے ساتھ نئی توسیع کی توقع ہے۔ ایران گزشتہ سال اس گروپ میں شامل ہوا تھا۔
یو این آئی