نیوزڈیسک
اننت ناگ :جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے مہمان محلہ میں دوران شب آگ کی ایک بھیانک واردات میں قریب ایک درجن رہائشی مکان اور کم سے کم 7 دکان خاکستر ہوگئے۔
محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اننت ناگ کے مہمان محلے کے گنجان آبادی والے علاقے میں پیر اور منگل کی درمیانی شب قریب تین بجے ایک رہائشی مکان سے آگ نمو دار ہوئی جس کے شعلوں نے متصل واقع مکانوں کو چشم زدن میں اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کے بارے میں اطلاع موصول ہوتے ہی اننت ناگ، مٹن ،بجبہاڑہ، اچھ بل، سیر ہمدان اور شانگس سے قریب دس فائر ٹنڈرس جائے واردات کی طرف بھیج دئے گئے جن آگ کو کنٹرول کرنے میں 5 گھنٹے لگ گئے۔ان کا کہنا تھا کہ آگ کی اس واردات میں 11 رہائشی مکان اور 7 دکان خاکستر ہوگئے۔
موصوف عہدیدار نے بتایا کہ اس آپریشن کے دوران گر جانے وجہ سے فائر سروس کا ڈرائیور امتیاز احمد زخمی ہوگیا جس کو علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم کی جا رہی ہے۔