نیوزڈیسک
جموں: 52 روزہ امرناتھ یاترا2024 جمعہ سے با ضابط طور پر شروع ہونے جارہی ہے۔ اس سلسلے میں یاتریوں کا پہلا جتھا جموں سے سرینگر کی طرف جمعہ کی صبح روانہ ہوگا ۔امرناتھ یاترا 29 جون سے باضابطہ طور پر شروع ہوگی اور اسی روز پوتر گپھا کے درشن کرنے کے سلسلے کا آغاز ہوگا۔
امرناتھ یاتریوں نے پہلے ہی جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس پہنچنا شروع کر دیا ہے، جہاں انہیں قافلوں کی صورت میں شمالی کشمیر کے بالتل بیس کیمپ اور جنوبی کشمیر کے چندن واڑی اننت ناگ بیس کیمپ تک لے جایا جائے گا۔ پہلا جتھا جمعہ کی صبح 4 بجے جموں سے روانہ ہوگا اور ہفتہ کو شیو لنگم کا اپنا پہلا درشن کرے گا۔
یاترا کے لئےسیکیورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے، 300 کلومیٹر جموں سری نگر قومی شاہراہ پر سینکڑوں سینٹرل آرمڈ پولیس فورس (سی اے پی ایف) کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ اضافی (سی اے پی ایف) ٹیمیں سری نگر-بلتل اور قاضی گنڈ-پہلگام بیس کیمپ تک سڑکوں پرتعینات کردیئے گئے ہیں۔
سری نگر۔بلتل روٹ پر گاندربل ضلع کے منی گام اور قاضی گنڈ-پہلگام روٹ پر میر بازار میں ٹرانزٹ کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔اس سال کی یاترا کے لیے 3.50 لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے رجسٹریشن کی ہے۔ دونوں راستوں پر 125 کمیونٹی کچنز (لنگر) بنائے گئے ہیں، جن میں 7,000 سے زیادہ رضاکار یاتریوں کی خدمت کر یں گے۔ پہلگام اور بالتل دونوں راستوں پر یاتریوں کے لیے ہیلی کاپٹر سروس بھی دستیاب ہے۔
یاترا کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف)، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف)، مقامی پولیس، بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکاروں پر مشتمل کل 38 پہاڑی بچاو ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ امسال یہ یاترا 52 روز پر مشتمل ہوگی جبکہ لیفٹیننٹ گور نر منوج سنہا اور سیکیورٹی فورسز کے اعلیٰ حکام نے اعلی سطحی میٹنگوں میں اس کا جائزہ لیا ۔4.4لاکھ یاتریوں نے گزشتہ برس شیو لنگم کے درشن کئے تھے ۔
حکام نے بتایا کہ بالتال اور پہلگام کے راستوں سے یکم جولائی 2023 کو شروع ہوئی یاترا کے دوران کل 4,45,338 یاتریوں نے قدرتی طور پر بنے برف کے ‘شیولنگ’ کے درشن کئے تھے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ گزشتہ یاترا کے دوران یاتریوں اور خدمات فراہم کرنے والوں سمیت 48 افراد کی موت ہوئی تھی اور 62 زخمی ہوئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اموات موسم سے متعلقہ واقعات یا قدرتی وجوہات کی وجہ سے ہوئیں۔