سری نگر – جموں قومی شاہراہ 15 اور 16 جون کی درمیانی شب بند رہے گی: ٹریفک حکام

سری نگر – جموں قومی شاہراہ 15 اور 16 جون کی درمیانی شب بند رہے گی: ٹریفک حکام

سری نگر: وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ ضروری مرمتی کام کے پیش نظر 15اور 16جون کی درمیانی شب ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے مکمل طور پر بند رہے گی۔
ٹریفک حکام کے مطابق اس دوران کسی بھی گاڑی یا مال مویشیوں کے جھنڈ کو قومی شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
جموں وکشمیر ٹریفک پولیس نے ہفتے کے روز ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہائی اتھارٹی آف انڈیا کی طرف سے موصولہ اطلاع کے مطابق قومی شاہراہ پر ناشری اور بانہال کے درمیان 15 اور 16 جون کی درمیانی شب ضروری مرمتی کام انجام دینا ہے جس کے پیش نظر اس دوران قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل مکمل طور پر بند رہے گی’۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران قومی شاہراہ پر ہفتے کی شام 6 بجے سے کسی بھی گاڑی یا مویشیوں کے جھنڈ کو قاضی گنڈ سے رام بن کی طرف چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
پوسٹ میں کہا گیا کہ اسی طرح قومی شاہراہ پر نگروٹہ (جموں) سے ہفتے کی شام 5 بجے اور اودھم پور سے شام 6 بجے سے کسی بھی گاڑی یا مویشیوں کے جھنڈ کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکام نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ مرمتی کا کام مکمل ہونے تک قومی شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کریں۔
لوگوں سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ قومی شاہراہ کے متعلق تازہ اپ ڈیٹ حاصل کرنے کے لئے ٹریفک کنٹرول روم رام بن کے ساتھ رابطہ کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.