ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سب جج اوڑی کی ایک عدالت نے بارہمولہ پولیس کی طرف سے دائر ایک درخواست پر پاکستان میں مقیم 8 دہشت گرد ہینڈلروں کو اشتہاری مجرم قرار دیا۔
بیان میں اشتہاری مجرموں کی شناخت محمد آزاد ولد شیر والی میر ساکن کنڈی برجالا، نصیر احمد ولد گل حیدر ساکن کنڈی بر جالا، کریم الدین ولد جمال الدین ساکن جبلہ اوڑی، محمد حفیظ میر ولد سلیمان میر ساکن بڑا گوا ہالن، میر احمد ولد نائیک محمد ساکن سنگٹنگ گو ہالن، بشیر احمد ولد راج محمد ساکن درد کوٹ، شوکت احمد پوسوال ولد محمد شریف پوسوال ساکن گوا ہالن اور احد بٹ ولد عبداللہ بٹ ساکن سو ہارا کے طور پر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ دہشت گرد ہینڈلر پاکستان زیر قبضہ کشمیر میں مقیم ہیں اور مختلف دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ عدالت سے ان آٹھ دہشت گرد ہینڈلرز کے خلاف سی آر پی سی کے سیکشن 87 کے تحت اعلامیہ احکامات حاصل کئے گئے جن کو عدالت کے ہدیات پر ان کے گھروں اور عوامی مقامات پر چسپاں کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ اشتہاری مجرموں کو ایک مہینے کے اندر اندر اپنے آپ کو عدالت کے سامنے پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔
بیان کے مطابق ایسا کرنے میں ناکام ہونے پر سی آر پی سی کے سیکشن 88 کے تحت ان کی جائیدادوں کی منسلکی کا عمل شروع کیا جا سکتا ہے۔