ہفتہ, ستمبر ۲۱, ۲۰۲۴
19 C
Srinagar

10سال کاطویل عرصہ ، اسمبلی انتخابات کا ممکنہ انعقاد،تیاریاں شروع

رواں ماہ کے آخری ہفتے میں نوٹیفکیشن اور ضابطہ اخلاق کااطلاق متوقع

سری نگر جموں وکشمیرمیں10سال کے طویل عرصہ بعد اسمبلی انتخابات منعقد کرانے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں ،کیونکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے 30ستمبر2024سے پہلے اسمبلی انتخابات کرائے جانے سے متعلق سپریم کورٹ کی ہدایت یاڈیڈلائن کو مدنظررکھتے ہوئے انتخابی عمل سے متعلق معاملات کو نپٹانے کی کارروائی شروع کردی ہے ۔اس دوران معلوم ہواکہ ستمبر2024کے اواخرمیں اسمبلی انتخابات کرانے کی صورت میں اس سلسلے میں نوٹیفکیشن رواں ماہ کے آخری ہفتے میں جاری ہوسکتی ہے اور اسکے ساتھ ہی جموں وکشمیرمیں ماڈل کوڈآف کنڈکٹ یاانتخابی ضابط اخلاق لاگو ہوجائے گا۔جے کے این ایس کے مطابق جون 2018میں پی ڈی پی ،بی جے پی ملی جلی سرکار گرجانے اور پھراگست2019میں دفعہ 370و35Aکے تحت خصوصی آئینی پوزیشن منسوخ ہونے نیز جموں وکشمیر کو دومرکزی زیرانتظام علاقوں ’جموں وکشمیر اور لداخ‘میں تقسیم کئے جانے کے بعد اب سابق ریاست میں اسمبلی انتخابات کی بازگشت سنائی دینے لگی ہے ۔اس سلسلے میں چیف الیکشن کمیشنرراجیو کمار اگروال کی جانب سے حالیہ دنوںمیں مثبت اشارے بھی ملے ہیں ۔انہوںنے حال ہی میں کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو اپنی من پسند حکومت بنانے کا حق حاصل ہے جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ اشارے بھی ملے ہیں کہ اگست کے اواخرمیں سالانہ امرناتھ یاترااختتام پذیرہونے کے بعد جموں وکشمیرمیں اسمبلی انتخابات کرائے جاسکتے ہیں ۔اس دوران ایک اہم پیش رفت میں الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جموں وکشمیرمیں سیاسی پارٹیوں کو انتخابی نشانوں کی الاٹمنٹ کےلئے درخواستیں قبول کرنا شروع کر دیں۔ جموں و کشمیر میں انتہائی متوقع اسمبلی انتخابات جلد ہی حقیقت بن سکتے ہیں کیونکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ہفتہ کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کے لئے درخواستوں کو فوری اثر سے قبول کرنے کے عمل کے آغاز کو مطلع کیا ہے۔کمیشن نے انتخابی نشانات (ریزرویشن اینڈ الاٹمنٹ) آرڈر 1968 کے پیرا 10B کے تحت مشترکہ نشان کی الاٹمنٹ کی درخواستوں کو فوری اثر سے جموں و کشمیر کی یونین ٹیریٹری کی قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کےلئے قبول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نوٹیفکیشن لوک سبھا انتخابات کے کامیاب اختتام کے بعد جاری کیا گیا ہے ، جس میں الیکشن کمیشن کے اعدادوشمار کے مطابق تین دہائیوں کے دوران سب سے زیادہ ووٹر ٹرن آو¿ٹ دیکھا گیا۔اس دوران ایک خبررساں ادارے نے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ جموں و کشمیر میں ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ (MCC) کا نفاذ 22 جون 2024 سے شروع ہونے کی امید ہے،جس سے یہ مرادکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اسمبلی انتخابات کا نوٹیفکیشن اسی تاریخ کوجاری کیاجاسکتاہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ سپریم کورٹ نے 5اگست2019 کو آرٹیکل370 اور اس سے منسلک پیش رفت سے متعلق معاملہ کا فیصلہ کرتے ہوئے دسمبر 2023 میں الیکشن کمیشن آف آف انڈیا کو جموں و کشمیر میں30 ستمبر 2024 تک اسمبلی انتخابات کرانے کی ہدایت دی تھی۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکرہے کہ جون 2018میں پی ڈی پی ،بی جے پی ملی جلی سرکار گرجانے کے بعدابتک جموں وکشمیرمیں اسمبلی انتخابات نہیں کرائے گئے ہیں اور اب ایک دہائی یعنی10سال کے عرصہ بعد اسمبلی انتخابات منعقد کرانے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img