ہفتہ, ستمبر ۲۱, ۲۰۲۴
17 C
Srinagar

مودی کی تقریب حلف برداری میں مہمانوں کے استقبال کے لیے راشٹرپتی بھون کا صحن تیار

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی وزراء کونسل میں شامل کئے جانے والے اراکین کو اتوار کے روز حلف دلانے کے لئے اسٹیج تیار ہوگیا ہے۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو مسٹر مودی کو کل شام 7.15 بجے راشٹرپتی بھون کے صحن میں حلف دلائیں گی۔ مسلسل تیسری بار وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لے کر ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے ریکارڈ کو دہرانے والے مسٹر مودی کی اس بار کی تقریب حلف برداری 2024 کی پہلی دو تقریب حلف برداری کی طرح ہی تاریخی اور شاندار ہونے جارہی ہے۔
تقریب میں کئی ہمسایہ ممالک کے سربراہان حکومت وریاست اور ملک کے مختلف خطوں سے مدعو ممتاز شخصیات کے ساتھ کل آٹھ ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے۔

تقریب اور مہمانوں کے بیٹھنے کے اسٹیج کی سجاوٹ کے بارے میں ہفتہ کو راشٹرپتی بھون کی طرف سے ایک ویڈیو جاری کیا گیا، جس میں کارکنان کرسیاں لگانے، ریڈ کارپٹ بچھانے اور احاطے کی سجاوٹ کو حتمی شکل دینے میں مصروف تھے۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والی ایک ریلیز کے مطابق سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے، مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو، سیشلز کے نائب صدر احمد عفیف، بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ، ماریشس کے وزیر اعظم پرویند کمار جگناتھ، وزیر اعظم نیپال پشپ کمل دہل ‘پرچنڈ’ اور بھوٹان کے وزیر اعظم شیرنگ ٹوبگے نے اس تقریب میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے۔

محترمہ شیخ حسینہ ہفتہ کی دوپہر ہی یہاں آگئی تھیں۔ ہوائی اڈے پر وزارت خارجہ کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔
ریلیز کے مطابق حلف برداری کی تقریب کے بعد یہ رہنما شام کو راشٹرپتی بھون میں صدر مرمو کی طرف سے منعقدہ عشائیہ میں بھی شرکت کریں گے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ مسٹر مودی کی مسلسل تیسری میعاد کے لیے ان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے رہنماؤں کا دورہ ہندوستان کی جانب سے ‘پڑوسی پہلے’ پالیسی اور ‘ساگر’ اپروچ کو دی جانے والی اعلیٰ ترجیح کے مطابق ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img