نئی دہلی: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے جمعہ کی شام قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے رہنما نریندر مودی کو نئی حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی اور ان سے نئی وزارتی کونسل کے لئے ناموں کی فہرست بھیجنے کو کہا۔
مسٹر مودی شام 6 بجے راشٹرپتی بھون پہنچے اور صدر جمہوریہ سے ملاقات کی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر جمہوریہ نے انہیں وزیراعظم کے عہدے کے لیے نامزد کیا ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ کابینہ کی فہرست دیں۔
انہوں نے کہا، "میں نے صدر جمہوریہ سے کہا ہے کہ اتوار کی شام 6 بجے ہمارے لیے حلف برداری کی تقریب منعقد کرنے کے لیے موزوں وقت ہوگا”۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت تک وزارتی کونسل کے ارکان کی فہرست بھی صدر جمہوریہ کو بھیج دی جائے گی۔
نامزد وزیر اعظم نے کہا کہ ملک اب ان کے اور ان کی ٹیم کے دس سال تک حکومت چلانے کے تجربے سے اگلے پانچ سالوں میں بھرپور فائدہ اٹھائے گا اور حکومت تیزی سے کام کرے گی۔ انہوں نے کہا، "2014 میں میں نیا تھا، اب مجھے تجربہ ہو گیا ہے۔ ہندوستان کی عالمی شبیہ کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اب ہونا شروع ہو گا”۔
انہوں نے کہا کہ اٹھارویں لوک سبھا آزادی کے امرت مہوتسو کے بعد پہلی لوک سبھا ہے اور ایک طرح سے یہ نوجوان توانائی اور کچھ کرنے والی لوک سبھا ہونے جا رہی ہے۔ انہوں نے ہم وطنوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے این ڈی اے حکومت کو تیسری بار ملک کی خدمت کرنے کا موقع دیا ہے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ وہ ہم وطنوں کو یقین دلاتے ہیں کہ گزشتہ دو ادوار میں ملک نے تیز رفتاری سے ترقی کی ہے اور معاشرے کے ہر طبقہ میں تبدیلیاں نظر آرہی ہیں۔ اس دور میں بھی حکومت اسی تیزی اور لگن کے ساتھ ملک کی امیدوں اور امنگوں کو پورا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت ملک کے عام لوگوں کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے کوشاں رہے گی اور مقررہ مدت میں اہداف حاصل کرنے کے لیے توانائی اور وسیع وژن کے ساتھ کام کرے گی۔
قبل ازیں، این ڈی اے کے لیڈروں کے ایک وفد نے صدرجمہوریہ کو اتحاد کی پارلیمانی پارٹی کے لیڈر کے طور پر مسٹر مودی کے متفقہ انتخاب سے متعلق ایک خط سونپا۔ اس کے بعد محترمہ مرمو نے مسٹر مودی کو راشٹرپتی بھون مدعو کیا تھا۔
این ڈی اے نے لوک سبھا انتخابات میں 293 سیٹیں جیت کر مسلسل تیسری بار اکثریت حاصل کی ہے۔ 1962 (پنڈت جواہر لال نہرو) کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی لیڈر دو میعاد پوری کرنے کے بعد مسلسل تیسری بار وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھائے گا۔