سری نگر: جنوبی کشمیرکے شوپیاں اور پلوامہ اضلاع کے دیہی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے بیچ زور دار ژالہ باری ہوئی جس وجہ سے کھڑی فصلوں اور میوہ باغات کو نقصان پہنچا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ جمعے کی سہ پہر پلوامہ کے سنگروانی ، ابہامہ ،کوئل، لاجورہ اور شوپیاں کے کیلر علاقوں میں موسم نے کروٹ لی جس کے ساتھ ہی شدید ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ شدید ژالہ باری سے کھڑی فصلوں، میوہ باغات اور سبز ی باغوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ کئی منٹوں تک جاری رہنے والی ژالہ باری کی وجہ سے زمین پر ایک انچ سفید پرت جمع ہوئی۔
دریں اثنا مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ کو فوری طورپر نقصان کا تخمینہ لگانے کی خاطر ٹیمیں بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔