نئی دہلی: پرسار بھارتی نے لوک سبھا انتخابات کی گنتی کے دن منگل کو دور درشن اور آل انڈیا ریڈیو پر طویل ترین اور تفصیلی ٹیلی کاسٹ کا اہتمام کیا ہے اطلاعات و نشریات کے سکریٹری سنجے جاجو، پرسار بھارتی کے چیئرمین نونیت سہگل اور پرسار بھارتی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر گورو دویدی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد یہ ٹیلی کاسٹ صبح 6 بجے سے دور درشن اور صبح 7 بجے سے آل انڈیا ریڈیو پر ووٹ کی گنتی کے اختتام تک جاری رہے گا۔ تمام ریاستی دارالحکومتوں اور ملک کے کچھ دوسرے بڑے شہروں کے ساتھ لائیو لنک برقرار رکھا جائے گا اور ووٹوں کی گنتی کی تازہ ترین صورتحال معلوم کی جائے گی۔
مسٹر سہگل نے کہا کہ پرسار بھارتی کے ہیڈکوارٹر کے باہر لاؤڈ اسپیکر لگائے جائیں گے جس میں آل انڈیا ریڈیو سے نشر ہونے والی ووٹوں کی گنتی نشر کی جائے گی اور لوگوں کو پتہ چل جائے گا کہ کون جیتا اور کون ہارا۔
مسٹر دویدی نے کہا کہ ٹی۔ٹوئنٹی ورلڈ کپ کرکٹ کے تمام ہندوستانی میچز (2 جون سے 29 جون تک) اور سیمی فائنل اور فائنل میچز دور درشن کے اسپورٹس چینل پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 26 جولائی سے پیرس اولمپک گیمز 2024، 28 اگست سے پیرس پیرا اولمپک گیمز، 6 جولائی سے انڈیا زمبابوے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز، 27 جولائی سے انڈیا سری لنکا انٹرنیشنل کرکٹ سیریز، فرنچ اوپن اور ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ بھی نشر کیے جائیں گے۔