ہفتہ, ستمبر ۲۱, ۲۰۲۴
19 C
Srinagar

پلوامہ تصادم : انتہائی مطلوب لشکر کمانڈر اور اس کا ساتھی مارا گیا :پولیس

سری نگر: جنوبی ضلع پلوامہ کے نیہامہ گاوں میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں لشکر طیبہ کا کمانڈر ساتھی سمیت جاں بحق ہوا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے اس رہائشی مکان کو بارودی مواد سے اڑا دیا جس میں ملی ٹینٹ محصور تھے۔
اطلاعات کے مطابق جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے نیہامہ گاوں میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی ایک خاص اطلاع ملنے کے بعد فوج ، پولیس اور سی آر پی ایف نے درمیانی شب گاوں کومحاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پیر کی صبح جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار ایک مشتبہ رہائشی مکان کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر چھپے بیٹھے ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران کافی دیر تک دو بدو گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے رہائشی مکان میں محصور لشکر طیبہ کے کمانڈر ریاض احمد ڈار اور اس کے ساتھی کو خود سپردگی کرنے کی پیشکش کی اور اس حوالے سے ملی ٹینٹوں کے لواحقین کو بھی جائے تصادم پر طلب کیا گیا تاہم انہوں نے پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے بعد ازاں اس رہائشی مکان کو بارودی مواد سے اڑا دیا جس میں دو ملی ٹینٹ محصور تھے۔
معلوم ہوا ہے کہ تصادم میں لشکر طیبہ کا اعلیٰ کمانڈر ریاض احمد اور اس کا ساتھی مارا گیا ۔ ریاض احمد کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ وہ سال 2015سے جنوبی کشمیر میں سرگرم تھا اور وہ سیکورٹی فورسز کو متعدد کیسوں میں انتہائی مطلو ب تھا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ مہلوک کمانڈر عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے اور سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے میں پیش پیش تھا اور اس کے خلاف جرائم کی ایک لمبی فہرست موجود ہے۔
دریں اثنا پولیس کے ایک ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا :’پلوامہ کے نیہامہ گاوں میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔ ‘

Popular Categories

spot_imgspot_img