جموں وکشمیر میں اگلے 6 دنوں کے دوران گرمی کی لہر جاری رہنے کا امکان

جموں وکشمیر میں اگلے 6 دنوں کے دوران گرمی کی لہر جاری رہنے کا امکان

سری نگر: محکمہ موسمیات نے جموں وکشمیر میں اگلے 6 دنوں کے دوران گرمی کی لہر جاری رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے لوگوں سے دوپہر 12 بجے سے 3 بجے تک شدید گرمی سے بچنے کی تاکید کی ہے۔
لوگوں بالخصوص عمر رسیدہ افراد اور بچوں سے زیادہ سے زیادہ پانی پینے کو کہا گیا ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں 23 سے 28 مئی تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے 6 دنوں کے دوران جموں اور کشمیر کے میدانی علاقوں میں گرمی کی لہر جاری رہ سکتی ہے اور پہاڑی اضلاع میں موسم گرم و خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمے نے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کسانوں سے کہا کہ وہ کھیت کھلیانوں اور باغوں میں اپنے آپریشنز جاری رکھ سکتے ہیں۔
ایڈوائزری میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ دوپہر 12 بجے سے 3بجے تک گرمی سے بچیں۔
لوگوں بالخصوص عمر رسیدہ افراد، شیر خوار بچوں اور کمسن بچوں سے زیادہ سے زیادہ مقدار میں پانی پینے کو کہا گیا ہے۔
دریں اثنا وادی کشمیر میں جہاں دن کے دوران درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ ہو رہا ہے وہیں شبانہ درجہ حرارت میں بھی بتدریج اضافہ درج ہو رہا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت15.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 14.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 11.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 7.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت10.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 11.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 11.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.