سری نگر:بی جے پی نے منگل کے روز یہاں شوپیاں میں کچھ روز پہلے اس کے ایک کارکن اور سابق سرپنچ کی ہلاکت کے خلاف احتجاج درج کیا۔احتجاجیوں نے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے اور وہ پاکستان مخالف نعرہ بازی کر رہے تھے۔
اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کو بتایا: ‘ہم صرف شوپیاں ضلع انتظامیہ کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں ، ہمارے ایک لڑکے کو دھمکی آمیز کالیں آ رہی ہیں لیکن جب وہ اس سلسلے میں ضلع انتظامیہ کے پاس جاتا ہے تو اس کی بات نہیں سنی جاتی ہے اور پھر ان کو شہید کیا جاتا ہے’۔انہوں نے کہا: ‘جہاں تک الیکشن کی بات ہے تو سری نگر میں 40 فیصد پولنگ ہوئی اور بارہمولہ میں 60 فیصد پولنگ ریکارڈ ہوئی تو اس کو دیکھ کر پاکستان ایسی چیزیں کرے گا کیونکہ پاکستان زیر قبضہ کشمیر میں فسادات ہو رہے ہیں وہاں پاکستان کے خلاف نعرے ہو رہے ہیں’۔ان کا کہنا تھا: ‘جب بھی کشمیر میں امن کی فضا قائم ہوتی ہے تو پاکستان اپنی ناپاک حرکتیں کرتا ہے’۔
موصوف احتجاجی نے کہا کہ کشمیر میں امن قائم ہے اور تعمیر ترقی ہو رہی ہے اب اگر کوئی افسرغلطی کرے گا تو اس کے خلاف جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ایک اچھے کارکن کو شہید کر دیا گیا ہے۔
بتادیں کہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے ہیر پورہ علاقے میں 18 مئی کی شام جنگجوئوں نے اعجاز احمد شیخ نامی ایک سابق سرپنچ اور بی جے پی کارکن پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں اس کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی۔