جھارکھنڈ میں دراندازی کو صرف بی جے پی ہی روک سکتی ہے: امت شاہ

جھارکھنڈ میں دراندازی کو صرف بی جے پی ہی روک سکتی ہے: امت شاہ

کھونٹی: بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جے ایم ایم کی قیادت والا اتحاد زمین، کان کنی اور منریگا گھپلوں میں ملوث رہا ہے لیکن بی جے پی غریب کا پیسہ نہیں لوٹنے دے گی .
جمعہ کو کھونٹی کے کورٹ گراؤنڈ میں بی جے پی امیدوار ارجن منڈا کے حق میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر شاہ نے کہا کہ دراندازی کی وجہ سے جھارکھنڈ کی ڈیموگرافی بدل گئی ہے۔ قبائلی لڑکیوں کو محبت کے جال میں پھنسا کر ان کی زمینوں پر قبضہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف بی جے پی ہی دراندازی پر روک لگا سکتی ہے۔
مسٹر شاہ نے کہا ‘میں راہل گاندھی سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کانگریس اپنے دور میں ایک بھی قبائلی کو صدر کیوں نہیں بنا سکی؟’ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے قبائلیوں کو عزت دینے کا کام کیا۔ شہید برسا منڈا نے پورے ملک کو احترام دلانے کا کام کیا۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جھارکھنڈ کے بدھا پہاڑ کو ماؤ ازم کی پریشانی سے آزاد کرایا۔ کانگریس نے 70 سال تک رام مندر کی تعمیر میں رکاوٹیں کھڑی کیں، لیکن وزیر اعظم نریندر مودی نے پانچ سال میں رام مندر بنوا دیا۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی رام مندر کی پرتشٹھا کی تقریب میں اس لیے نہیں آئے کیونکہ وہ اپنے ‘ووٹ بینک’ سے ڈرتے تھے۔ کھونٹی میں پچھلے 5 برسوں کے دوران کئے گئے ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے ارجن منڈا کو ایک بار پھر سے کامیاب بنانے اور نریندر مودی کو تیسری بار وزیر اعظم بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ کھونٹی میں لوگوں کو نلکے کے ذریعے صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔ اس اجتماع سے مرکزی وزیر ارجن منڈا، اے جے ایس یو کے سپریمو سدیش مہتو اور لوک سبھا کے سابق ڈپٹی اسپیکر کریا منڈا اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.