جموں: جموں وکشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) کے نزدیک دوران شب فائرنگ کے ایک واقعے میں انتہائی مطلوب گینگسٹر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا جبکہ اس واقعے میں ایک پولیس سب انسپکٹر بھی زخمی ہوگیا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایک خفیہ اطلاع پر عمل کرتے ہوئے پولیس کی ایک ٹیم نے کٹھوعہ میں مطلوب گینگسٹر واسو دیو کا تعاقب کیا، جو رام گڑھ پولیس اسٹیشن میں درج ایک قتل کے کیس میں ایک اہم ملزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران منگل کی رات قریب ساڑھے دس بجے گورنمنٹ میڈیکل کالج کے نزدیک طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں واسو دیو ہلاک ہوگیا جبکہ پولیس سب انسپکٹر دیپک شرما زخمی ہوگیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ زخمی پولیس افسر کو پہلے جی ایم سی ہسپتال کٹھوعہ منتقل کیا گیا جہاں سے ان کو امن دیپ ہسپتال پٹھان کوٹ ریفر کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے۔
دریں اثنا جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جاں بحق ہونے والے پولیس افسر کو شاندار خراج عقیدت کرتے ہوئے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘میں پولیس سب انسپکٹر دیپک شرما کی بہادری اور غیر متزلزل حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں جس نے کٹھوعہ میں انتہائی مطلوب گینگسٹر کا مقابلہ کرکے اس کو ختم کرنے کے دوران عظیم قربانی پیش کی’۔
انہوں نے کہا: ‘دیپک کی قربانی ہمارے دل و دماغ پر ہمیشہ چھائی رہے گی اور میں شہید دیپک شرما کے اہلخانہ کی خدمت تعزیت پیش کرتا ہوں’۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ایک اور پوسٹ میں کہا ’’قوم شہیدوں کے خاندانوں اور جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ کھڑی ہے جن کی مختلف قسم کے چلینجوں اور مخالفین کے خلاف لڑنے کا حوصلہ ہمیں ہمیشہ متاثر کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا ’’ہمارے شہید کے خون کے ہر قطرے کا بدلہ لیا جائے گا اور ہم خوف سے پاک جموں و کشمیر بنانے کے لئے پر عزم ہیں۔‘
