بدھ, اکتوبر ۹, ۲۰۲۴
23.9 C
Srinagar

جموں وکشمیر سے افسپا کو ہٹایا جائے گا، سیکورٹی معاملات پولیس سنبھالے گی :مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر

جموں:اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے بدھ کے روز کہاکہ جموں وکشمیر میں نافذ افسپا کو ہٹا دیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ افسپا کو منسوخ کرنے کے بعد جموں وکشمیرپولیس سیکورٹی فراہم کرئے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کانگریس نے جموں وکشمیر کو دہشت گردی کے گڑھ میں تبدیل کیا تھا اور بی جے پی نے یہاں امن و امان کی فضا قائم کرکے لوگوں کو بہت بڑی راحت دی ۔ان باتوں کا اظہار مرکزی وزیر نے ادھم پور میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
مرکزی وزیر نے کہاکہ جموں وکشمیر میں حالات پوری طرح سے معمول پر آچکے ہیں .انہوں نے کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت جس کی قیادت نریندر مودی کر رہے ہیں نے نئے کشمیر کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا ہے۔ان کے مطابق جموں وکشمیر میں لاکھوں کی تعداد میں سیاح سیر وتفریح کی خاطر واردہو رہے ہیں ۔
افسپا کو ہٹانے کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں مرکزی وزیر نے کہاکہ چونکہ وادی کشمیر میں ماحول بدل رہا ہے لہذا افسپا کو بھی ہٹانے کا وقت آ چکا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ افسپا کو منسوخ کرنے کے بعد جموں وکشمیر پولیس سیکورٹی کے معاملات سنبھالے گی۔
مرکزی وزیر برائے اطلاعات ونشرعات انوراگ ٹھاکر نے کہاکہ کشمیر کو دنیا کی جنت کے طورپر جانا جاتا ہے لیکن کانگریس نے اس جنت کو دہشت گردی کے گڑھ میں تبدیل کر دیا ۔
انہوں نے کہا :’ کانگریس کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں ہی جموں وکشمیر کے لوگوں کو وقتاً فوقتاً مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔ ‘
انوراگ ٹھاکر نے کہاکہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد جموں وکشمیر میں حالات یکسر تبدیل ہوئے۔انہوں نے کہا :’کشمیر میں دہشت گردی اورہڑتالیں قصہ پارینہ بن گئے اور لوگ اب آزاد ماحول میں سانس لے رہے ہیں۔‘
پارلیمانی چناو کے بارے میں پوچھے گئے اورایک سوال کے جواب میں ٹھاکر نے کہاکہ اس بار تاریخ رقم ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر کی پارلیمانی نشستوں پر بی جے پی کی جیت یقینی ہے کیونکہ گزشتہ چار برسوں کے دوران مرکزی حکومت نے یہاں کے لوگوں کے لئے اچھے کام کئے ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img