جموں: جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع کے چھاترو جنگلی علاقے میں سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق کارروائی کا مقصد جیش سے وابستہ تین دہشت گردوں کو گرفتار یا بے اثر کرنا ہے جو اس علاقے میں روپوش ہیں۔ فورسز نے چھاترو بیلٹ کے مختلف حصوں کو مکمل طور پر محاصرے میں لے لیا ہے اور ممکنہ فرار ہونے کے تمام راستوں پر پہرے بٹھا دیے ہیں تاکہ دہشت گرد علاقے سے باہر نہ نکل سکیں۔ سرچ آپریشن میں جدید ڈرون کیمروں، تھرمل امیجنگ آلات اور کھوجی کتوں کا استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ ہر جھاڑی، ہر درہ اور ہر ممکنہ مخفی مقام کی چھان بین کی جا سکے۔
حکام کے مطابق دہشت گرد انتہائی دشوار گزار پہاڑی اور جنگلی راستوں کا فائدہ اٹھا کر چھپنے کی کوشش کر سکتے ہیں، لیکن سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ہر ممکنہ گزرگاہ پر گشت بڑھا دیا ہے۔ فورسز کے اہلکار دن رات علاقے کی نگرانی میں مصروف ہیں اور ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ دہشت گردوں کو فرار کا موقع نہ ملے۔
اس دوران کشتواڑ کے سنگھ پورہ، چنگام اور چھاترو میں موبائل انٹرنیٹ خدمات کو معطل کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام دہشت گردوں کے ممکنہ ڈیٹا شیئرنگ، رابط کاری اور کارروائی میں مداخلت کے امکانات کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ موبائل انٹرنیٹ کی معطلی کا مقصد یہ ہے کہ دہشت گرد جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے فورسز کی سرگرمیوں پر نظر نہ رکھ سکیں اور کسی بھی طرح کی معلومات کو اپنے مقصد کے لیے استعمال نہ کر سکیں۔ یہ معطلی آئی جی پی جموں زون کے حکم پر ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کی عارضی معطلی کے قواعد 2024 کے تحت نافذ کی گئی ہے اور اسے 30 جنوری کی نصف شب تک برقرار رکھا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چھاترو بیلٹ میں برف باری اور گھنے جنگلات کی وجہ سے کارروائی کافی مشکل ہو گئی ہے،
لیکن فورسز نے ہر مشکل پر قابو پاتے ہوئے آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔ سرچ ٹیمیں جنگلوں اور پہاڑی ڈھلوانوں میں دہشت گردوں کے ہر ممکنہ ٹھکانے کو کھنگال رہی ہیں اور ڈرون کیمروں کے ذریعے ہر جانب نگرانی کی جا رہی ہے۔ حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں کے پاس رسد محدود ہے اور فورسز کے مسلسل محاصرے سے ان کے چھپنے کے امکانات کم ہوتے جا رہے ہیں۔
ادھر پونچھ ضلع کے سرنکوٹ علاقے میں بھی دو مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ حکام کے مطابق اب تک کسی مشتبہ شخص کے ساتھ براہِ راست رابطہ قائم نہیں ہوا، لیکن علاقے میں فورسز نے تمام ممکنہ راستوں پر پہرہ بڑھا دیا ہے اور نگرانی سخت کر دی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری کارروائی کے دوران حفاظتی ہدایات اور پابندیوں کا احترام کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فورسز کو فوری فراہم کریں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ موبائل انٹرنیٹ کی معطلی اور سخت نگرانی کے اقدامات آپریشن کی کامیابی کے لیے ناگزیر ہیں اور ان سے علاقے میں امن و امان قائم رکھنے میں مدد ملے گی۔




