منگل, دسمبر ۱۶, ۲۰۲۵
8.1 C
Srinagar

پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن کی راہیں جدا،نئی سیاسی بحث شروع

پی ڈی پی این سی کے خلاف آگ اگل رہی ہیں ہم اس پارٹی کا ساتھ نہیں دیں گے :عمر عبداللہ

جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے جمعے کے روز کہاکہ پی ڈی پی براہ راست این سی پر تنقید کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی اپنی ریلیوں میں ہل ہٹاو جیسے نعرے لگا رہی ہیں لہٰذا ہم اس پارٹی کا ساتھ کیوں دیں۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ انڈیا الائنس کا حصہ بننے کا مقصد بی جے پی کے خلاف لڑنا تھا۔عمر نے کہاکہ پی ڈی پی براہ راست این سی پر تنقید کر رہی ہے اور یہاں تک ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے خلاف بھی ہر زہ سرائی کرنے سے گریز نہیں کر رہی ہے۔این سی نائب صدر نے مزید بتایا کہ پی ڈی پی اپنی ریلیوں میں ہل ہٹاو جیسے نعرے لگا کر نیشنل کانفرنس کے خلاف آگ اگل رہی ہیں لہذا ہم پی ڈی کا ساتھ کیوں دیں گے۔ان کے مطابق پی ڈی پی ڈاکٹر فاروق عبداللہ پرراست تنقید کرنے کی جرات کر رہی ہیں جو کہ ناقابل برداشت ہیں۔یہ سوال پوچھے جانے پر این سی نے پی ڈی پی کو آوٹ کیا کے جواب میں عمر عبداللہ نے کہاکہ پی ڈی پی کو ہم نے آو ٹ نہیں کیا بلکہ حالات نے اس سے الگ کیا۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی جنوبی کشمیر کی پارلیمانی نشست پر لڑنا چاہتی ہے لیکن جو پارٹی پچھلے الیکشن میں یہاں پر پہلی اور دوسرے نمبر پر آئی وہ کیوں سیٹ چھوڑے۔انہوں نے بتایا کہ غلام نبی آزاد فاروق عبداللہ کو ہدفہ تنقید کا نشانہ بناتے ہیں تو پی ڈی پی لیڈران اس بیان کی تائید کرتے ہیں۔ان کے مطابق جب تک پی ڈی پی اپنی حرکتوں سے باز نہیں آتے تب تک بات نہیں بنے گی۔انہوں نے مزید کہاکہ حیرانگی کی بات یہ ہے کہ پچھلے لگاتار دو سالوں سے پی ڈی پی بی جے پی کے بجائے این سی کو ہدفہ تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔

جو کام بھاجپا نہ کر سکی وہ آج نیشنل کانفرنس نے کیا اور اس اقدام سے ’پی اے جی ڈی‘ بھی تتر بتر:محبوبہ مفتی

Mehbooba Re-Elected PDP Chief – Kashmir Observer

جموں وکشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے جمعے کے روز کہاکہ نیشنل کانفرنس کی جانب سے پارلیمانی چناو لڑنے کے حوالے سے جو فیصلہ آیا وہ مایوس کن ہے۔انہوں نے کہاکہ پارلیمانی انتخابات میں سیٹ شیئرنگ کا معاملہ فاروق عبداللہ پر چھوڑدیا تھا لیکن مجھے اس بات پر افسوس ہے کہ پی ڈی پی کے ساتھ کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ کانگریس کے ساتھ سیٹ شیئرنگ کے مسئلے پر بات کریں گے۔ان باتوں کا اظہار محبوبہ مفتی نے سری نگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو مصیبت سے باہر نکالنے کی خاطر ’پی اے جی ڈی ‘ کاقیام عمل میں لایا گیا تھا۔محبوبہ مفتی نے کہاکہ ڈی ڈی سی ، بی ڈی سی چناو میں نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی نے متحد ہو کر الیکشن لڑا ، گر چہ منڈیٹ نہ ملنے کی وجہ سے کئی لیڈران نے پارٹی کو الوداع کیا تاہم لوگوں کے مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے این سی اور پی ڈی پی نے الیکشن لڑا۔انہوں نے مزید بتایا کہ پارلیمانی انتخابات میں سیٹ شیئرنگ کا مسئلہ فاروق عبداللہ پر چھوڑ دیا تھا لیکن جس طرح سے نیشنل کانفرنس نے ہمیں پوچھے بغیر فیصلہ لیا وہ تکلیف دہ ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اگر فاروق صاحب کہتے کہ این سی ورکرس نے اس پر اعتراض اٹھایا تو شائد ہم اس کو مان لیتے لیکن نیشنل کانفرنس نے جلد بازی میں فیصلہ لے کر ’پی اے جی ڈی‘ کی اعتباریت کو ہی ختم کیا۔محبوبہ مفتی نے مزید کہاکہ نیشنل کانفرنس کا فیصلہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے لئے بہت بڑا دھچکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جو کام بی جے پی اور مرکزی سرکار نہ کر سکی وہ آج پی اے جی ڈی کے ممبران نے کیا۔محبوبہ مفتی نے کہا :’ایک بڑے کاز کی خاطر ہی ہم نے ’پی اے جی ڈی ‘ کا قیام عمل میں لایالیکن نیشنل کانفرنس نے آج جو یک طرفہ فیصلہ لیا وہ مایوس کن ہے ‘۔انہوں نے کہا:’ہمیں بی جے پی کا مقابلہ کرنے کی خاطر متحد ہو کر لڑنا تھا لیکن آج ہم ایک دفعہ پھر ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے ہیں۔‘ محبوبہ مفتی نے مزید بتایا کہ ہم لوگوں کے سامنے جائیں گے اور ان کے سامنے اپنا کیس رکھیں اور ہمیں پورا یقین ہے کہ لوگ پی ڈی پی کے حق میں اپنی رائے دہی کا استعمال کریں گے۔پی ڈی پی صدر نے کہاکہ کانگریس کے ساتھ سیٹ شیئرنگ کے معاملے پر تبادلہ خیال کریں گے اور این سی کی طرف سے جو فیصلہ آیا اس پر بھی کانگریس کے ساتھ مشاورت ہوگی۔انہوں نے کہاکہ جلد ہی پی ڈی پی اپنے فیصلے سے لوگوں کو آگاہ کرئے گی۔انہوں نے کہاکہ این سی کے فیصلے سے تکلیف ہوئی جس اتحاد کو ہم نے پانچ سال تک سنبھالے رکھا اس اتحاد کو تتر بتر کیا گیا۔
ہم نے قبل از وقت ہی اس کی پیشین گوئی کی تھی :الطاف بخاری

Will hire best lawyers to fight in SC for restoration of Articles 370, 35A: Altaf Bukhari | India News - Times of India

جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے سربراہ الطاف بخاری نے ’پی اے جی ڈی‘ کے دو پھاڑ ہونے پر کہا کہ ہم یہ بات گزشتہ چار سال سے کہہ رہے تھے کہ یہ اتحاد زیادہ دیر تک نہیں رہے گا۔انہوں نے کہاکہ ان لوگوں کو دفعہ 370کو بحال کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران الطاف بخاری نے کہاکہ بالآخر آج یعنی جمعے کے روز ’پی اے جی ڈی‘کا اتحاد ختم ہو گیا۔انہوں نے کہاکہ ہم نے قبل از وقت ہی پیشین گوئی کی تھی کہ پی ڈی پی اور این سی کا اتحاد زیادہ دیر تک قائم نہیں رہے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ سال 2020میں بی ڈی سی اور ڈی ڈی سی کے چناو میں دونوں پارٹیوں نے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے۔ان کے مطابق جموں وکشمیر کے لوگ پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس کو کھبی بھی معاف نہیں کریں گے۔الطاف بخاری کا کہنا تھاکہ دفعہ 370کو بحال کرنے کے ضمن میں پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس کی جانب سے جو کہا جارہا تھا وہ سفید جھوٹ تھا۔انہوں نے مزید بتایاکہ بہر حال سچ سامنے آہی گیاکہ دونوں پارٹیوں نے لوگوں کو دھوکہ دیا۔

پی اے جی ڈی دو پھاڑ: اسی وجہ سے الائنس کے ساتھ نہ جانے کو بہتر سمجھا :غلام نبی آزاد

Ghulam Nabi Azad quits Congress | Full text of his resignation letter - India Today

جموں وکشمیر پروگریسیو آزاد پارٹی کے سربراہ غلام نبی آزاد نے جمعے کے روز کہا کہ جموں وکشمیر میں جلدازجلد اسمبلی الیکشن ہونے چاہئے۔انہوں نے کہاکہ ’پی اے جی ڈی‘ دو پھاڑ ہونے کے بارے میں پہلے ہی پیشین گوئی ظاہر کی تھی۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے ابہامہ پلوامہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔غلام نبی آزاد نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اسمبلی الیکشن جلد ازجلد ہونے چاہئے۔ان کے مطابق پارلیمانی انتخابات کے بعد جموں وکشمیر میں جلد ہی اسمبلی چناو ہونے چاہئے کیونکہ لوگ بھی اب اس کا بے صبرے کے ساتھ انتظارکر رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ پروگریسیو آزاد پارٹی میں لوگ آئے روز شامل ہو رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو اس وقت گونا گوں مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔پی اے جی ڈی دو پھاڑ ہونے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں آزاد نے کہاکہ اسی وجہ سے کسی بھی الائنس کے ساتھ نہ جانے کو بہتر سمجھا۔انہوں نے کہاکہ پہلے ہی دن سے کہا تھا کہ دونوں پارٹی کے درمیان تحاد زیادہ دیر تک نہیں رہے گااور بالآخر وہی ہوا جس کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا تھا۔

پی اے جی ڈی دو پھاڑ: ابھی آغاز ہوا ہے آگے آگے دیکھیں ہوتا ہے کیا : بی جے پی ترجمان

جموں وکشمیر بھارتیہ جنتاپارٹی کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے ’پی اے جی ڈی‘ کے دو پھاڑ ہونے پر کہا کہ کشمیر کی سیاست میں یہ صرف آغاز ہے۔انہوں نے کہاکہ عمر عبداللہ نے پی ڈی پی کو آئینہ دکھایا۔اطلاعات کے مطابق بی جے پی کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے کہاکہ بالآخر پی اے جی ڈی دو پھاڑ ہو ہی گئی۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے جو الزام این سی پر لگایا وہ صحیح تھا۔الطا ف ٹھاکر کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کی سیاست میں یہ صرف آغاز ہے ، آنے والے دنوں کے دوران بہت توڑ پھوڑ ہو جائے گی۔ان کے مطابق مودی جی کے قدموں کی آہٹ نے صرف ایک دن میں جموں وکشمیر کی سیاست کو ہلا کر رکھ دیا۔انہوں نے بتایا کہ یہ طے ہے کہ اس بار کشمیر میں کنول کا پھول ضرور کھلے گا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img