نور شاہ کے "میرے لہو کی کہانی” پر ایک تبصرہ

نور شاہ کے "میرے لہو کی کہانی” پر ایک تبصرہ

ریٔس احمد کمار

وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے جن معتبر ادیبوں نے اردو زباں و ادب کی خدمت اپنے خون جگر سے کی ہے ان میں نور شاہ صاحب کا نام سرفہرست ہے ۔ افسانوی ادب کی عظیم آوازیں عصمت چغتائی اور کرشن چندر کا اعتراف ہے کہ وہ کشمیر کی خوبصورتی کا عکس نور شاہ کے افسانوں میں دیکھتے ہیں ۔ وادی کشمیر میں اعلی عہدوں پر فائز رہنے کے ساتھ ساتھ نور شاہ نے ادبی دنیا میں ایک خاص پہنچان بنائی ہے ۔ گزشتہ چھ دہائیوں سے مسلسل اپنے جزبات ، احساسات اور زندگی کے تجربے کو ضبط تحریر میں لاکر نور شاہ صاحب نئی نسل کے لئے ایک روشن مثال ثابت ہورہے ہیں ۔
انہوں نے کئ ناول ، بہت سارے افسانوی مجموعے اور ریڈیائی ڑرامہ تخلیق کۓ ہیں ۔ ان کا ادبی سفر چھ دہائیوں پر مشتمل ہے جس دوران ان کی تخلیقات ملک و بیرون ممالک کے کئ معتبر رسائل و جرائد اور اختیارات کی زینت بنتے آۓ ہیں ۔‌ جن فکشن نگاروں نے کشمیر کا پرچم آن بان سے لہرایا ہے ان میں نور شاہ پیش پیش ہیں اور آٹھویں دہے میں بھی ان کے قلم کی روشنائی ماند نہیں پڑی ہے ۔ ان کے قلم سے لگاتار افسانے بہہ رہے ہیں ۔ ‌میرے لہو کی کہانی نور شاہ کا تازہ افسانوی مجموعہ ہے جو 122 صفحات پر مشتمل ہے اور جسے میزان پبلیشرز سرینگر نے طباعت دی ہے ۔
اس مجموعے میں کل 61 افسانے ، افسانچے اور منی کہانیاں قارئین کے لئے بطور تحفہ نور شاہ نے پیش کیے ہیں ۔ اس مجموعہ کے بارے میں نور شاہ خود لکھتے ہیں ” ادب کی پگڈنڈی پر چلتے چلتے اب انسانی زندگی کے افسانے ، افسانچوں کی صورت اپنا رہے ہیں شاید یہی وجہ ہے کہ ان دنوں طویل افسانے لکھنے کا چراغ ٹمٹما رہا ہے”. وادی کشمیر کے ایک بلند مرتبہ ادیب اور تواریخ دان محمد یوسف ٹینگ نور شاہ کے بارے میں رقمطراز ہیں ” نور شاہ کو کشمیر میں اردو افسانے کا بابا آدم تسلیم کرنے میں کسی محقق کو تامل ہو سکتا ہے مگر اسے اس شاندار صنف کا ہابیل ماننے میں کسی کو ہچکچاہٹ نہیں ہو گی”. جنت بے نظیر کہلانے والی وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک اور منجھے ہوئے قلمکار اور افسانہ نگار جناب وحشی سعید بھی نور شاہ کو تعریفوں کے پل باندھنے میں پیش پیش ہیں ۔ وہ یوں رقمطراز ہیں”جن تخلیق کاروں کی تخلیقات ‘بیسویں صدی’ میں چھپتی تھیں ان کو اردو ادبی دنیا میں قدر کی نگاہوں سے دیکھا جاتا تھا ۔ بیسویں صدی میں لکھنے والی اہم شخصیات میں نور شاہ بھی شامل تھے۔ نور شاہ اپنی چھوٹی عمر میں ہی ہمارے لئے لےجنڈ بن گئے تھے”. نوجوان ادیب اور کشمیر کی ادبی افق پر ایک گہری چھاپ ڈالنے والے منجھے ہوۓ افسانہ نگار و انشایہ نگار جناب ایس معشوق احمد نور شاہ کے بارے میں لکھتے ہیں” اگر مجھ سے کوئی پوچھے کہ نور شاہ کون ہے تو میں جواباً کہوں گا کہ وہ دلیر جو سن رسیدگی میں افسانہ بن رہا ہے ، وہ فنکار جو پرانی کتاب کی نئ کہانی ترتیب دے رہا ہے ، جو آواز کا جادو جگا کر درد دل لکھ رہا ہے”. دوا سے دعا تک(15) اس مجموعہ کا پہلا افسانہ بے جس میں ادیب نے ایک خاص مضمون کو افسانوی شکل سے آراستہ کیا ہے ۔ شہر و دیہات کے لوگ جب بھی کسی مرض یا بیماری میں مبتلا ہوجاتے ہیں تو ڑاکٹری علاج کے ساتھ ساتھ وہ پیر فقیروں کے پاس جانا ضروری سمجھتے ہیں کیونکہ انہیں پورا یقین ہوتا ہے کہ اگر دوا نے کوئی راحت نہیں دی تو دعا ضرور رنگ لائے گا ۔ افسانہ اپنا اپنا درد ( 22-20), میں نور شاہ نے نہایت ہی ادیبانہ سلیقے سے الفاظ کا مناسب استعمال کیا ہے اور ایک اہم موضوع کو صفحہ قرطاس پر لایا ہے ۔
اس افسانے کے دو پہلو ہیں ایک یہ کہ سماج میں پنپ رہی برائیاں کھلے عام پھیل رہی ہیں جیسا کہ ہم افسانے میں دیکھ رہے ہیں کہ جھیل کے کنارے ایک درند صفت انسان ایک معصوم بچی کو ایک سفید لفافے میں چنار کے نیچے چھوڑ کر چلا جاتاہے ۔ دوسرا پہلو یہ بھی ہے کہ معاشرے میں اکرم جیسے درد دل رکھنے والے فرشتہ صفت انسان بھی موجود ہیں جو ایسی اولاد کے لئے اپنا سب کچھ قربان اور نچھاور کرنے کے لئے ہر وقت تیار رہتے ہیں اور اسی میں خوشی محسوس کرتے ہیں ۔ افسانہ دوسری بیوی (26) نور شاہ کے قدآور لکھاری ہونے کی تصدیق کرتی ہے ۔ رشوت ستانی کے معاملات کی ماہرانہ انداز میں افسانے میں عکاسی کی گئ ہے اور دوسری بیوی کہاں رہتی ہے اور اپنے چیف کو خوش رکھنے کے لئے کیا کیا غلام الدین انجام دیتا ہے اس تحریر میں ایک قاری چونک جاتا ہے ۔
رشتے(28) ، ایک عظیم لکھاری کی یہ خوبی ہوتی ہے کہ وہ کسی بھی واقعہ یا حادثہ کو کہانی کا روپ دے کر ایک خوبصورت تخلیق عمل میں لاتے ہیں جیسا کہ ہم اس تحریر میں دیکھتے ہیں کہ دو چڑیاں باغ میں کچھ دانے تلاش کر رہے ہیں اور ایک دوسرے کے پر نوچنے میں مشغول نظر آتے ہیں۔ کہانی دستک ہوئی پہچانی سی(30), میں نور شاہ نے کشمیر کے بھائی چارہ کی خوب عکاسی کی ہے جو دہائیوں سے یہاں ایک میراث بنی ہوئی ہے جب کشمیری پنڈت اور مسلمان آپس میں سگے بھائیوں کی طرح ایک ساتھ زندگی کے میٹھے لمحات گزار رہے تھے اور آج بھی ان لمحات کے تلاش میں ہیں ۔ کہانی درد دل(32) میں اس بات کو سلیقے سے قارئین تک پہنچایا گیا ہے کہ وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے بہت ایسے ڑاکٹر صاحبان بھی موجود ہیں جو ملک سے باہر جانے کے بجائے اس وادی گلپوش میں ہی مریضوں کے درمیان زندگی کے لمحات گزارنے اور ان کا درد بانٹنے کو ترجیح دیتے ہیں ۔‌ افسانہ نرخ نامہ(33), سماج کے ان مفلوک الحال لوگوں کی ستم ظریفی اور خودغرض قصائیوں کی کارستانی کی خوبصورت عکاسی کرتا ہے ۔ افسانہ ماں(35-37), نور شاہ کی بہترین تخلیق ہے جس میں معاشرے کے ایک اہم مسلے کی نشاندھی کی گئ ہے ۔ آۓ روز ہمارے اولاد جن کے لئے ماں باپ اپنا خون پسینہ ایک کرتے ہیں اور اپنا سب کچھ لٹا دیتےہیں تاکہ ان کا مستقبل تابناک نظر آجاۓ مگر وہی اولاد اپنے والدین کا سہارا بننے کے بجائے انہیں خدا کے رحم و کرم پہ چھوڑ دیتے ہیں اور خود ایک شاہانہ زندگی اپنے بیوی بچوں کے ساتھ الگ گزارتے ہیں ۔
افسانہ انفکشن (40-38), ڑاکٹر حضرات کی نفسانی کمزوری کو دکھاتی ہے جو مریضہ کی خوبصورتی اور سندر شخصیت کے آگے خود گویا پگل جاتے ہیں ۔ افسانہ آخری خط(41)، ایک پوسٹ مین کی تنہائیوں بھری زندگی کے لمحات کا داستان پیش کرتاہے جو غیر شادی شدہ تھا اور سبکدوش ہونے کے بعد بھی اس کے بیگ میں ایک خاص خط پڑا ہوا تھا جو اسے ایک غیر شادی شدہ لڑکی نے کئ سال پہلے ارسال کیا تھا جو اس کے ساتھ نکاح کے بندھن میں بندھنا چاہتی تھی۔ افسانہ تلاش(44)، جنگلی جانوروں خاص کر تیندوے کے آگے انسان کی بے بسی اور متعلقہ محکمے کے اہلکاروں کی غفلت شعاری کی خوب عکاسی کرتی نظر آتی ہے ۔ افسانہ پرانی کتاب کی نئ کہانی(47-45), طلاق کے منفی پہلو کو ظاہر کرتا ہے ۔ نکاح کے بندھن میں بندھے ہوۓ دو افراد کی جدائی کس قدر بھاری پڑ جاتی ہے افسانے میں خوب دکھائی گئ ہے ۔ افسانہ ایک سوال(48)، دلکش انداز میں لکھی گئ تحریر ہے جو اولاد کی نیک یا نافرمان بننے کی پیش گوئی کرتی ہے ۔ افسانہ نئ نسل(56)، شہر سرینگر کی گلی کوچوں اور دیگر صحت افزاء جگہوں پر کتوں کی ہڑبونگ اور کاٹنے کی داستان بیان کرتی ہے ۔
افسانہ مرد نامرد(58), ایک منفرد انداز میں تحریر کی گئ تخلیق ہے جو نور شاہ کی فنی مہارت کو ظاہر کرتا ہے۔ افسانہ قربانی(62)، ایک پردرد تحریر ہے جو ایک پڑھی لکھی لڑکی کی قربانی کی داستان بیان کرتی ہے جو ایک عمر رسیدہ مرد سے جو تیسری بار شادی کے لیے آمادہ ہوا تھا شادی اس غرض سے کرتی ہے تاکہ وہ اپنے نیک مقصد میں کامیاب ہوسکے۔ افسانہ زمین پیاسی ہے(74) ، ایک بےاولاد جوڑے جو پیشے سے دونوں ڑاکٹر تھے اور بے اولاد جوڑوں کا ہی علاج اپنے کلینک پر کرتے تھے کی ایک کہانی بیان کرتا ہے ۔ افسانہ دورنگ (79)، نور شاہ کی بہترین تخلیق ہے جو ایک ہی فرد کے دو رنگ دکھانے میں کامیاب نظر آتی ہے ۔ صوم صلوۃ کے پابند ہونے کے باجود بھی کچھ لوگ بجلی چوری میں ملوث پائے جاتے ہیں اور سماج کے سامنے ان کا اندرونی رنگ اور چہرہ نظر آتا ہے۔ گھر سے گھر تک(80) ایک بہترین افسانہ ہے جو موجودہ صورتحال کی خوب عکاسی کرتا ہے۔ اپنے عمررسیدہ والدین کو کس طرح اولڈ ایج ہومز میں منتقل کیا جاتا ہے واقعی ایک لمحہ فکریہ ہے ۔ افسانہ جینے کی ہوس(86-85), کہتے ہیں نا کہ بوڑھے کو زندگی بہت پیاری ہوتی ہے اور کبھی مرنا نہیں چاہتا ہے ۔ زندہ رہنے کے لئے کیا سے کیا کر بیٹھتا ہے ۔ اس افسانے میں نور شاہ نے وہی کچھ خوبصورت انداز میں دکھایا ہے ۔ نہ چاہتے ہوئے بھی احمد صاحب نے کرونا جیسی مہلک وباء سے بچنے کی خاطر شراب تک نوش کیا لیکن ہوا وہی جو ہونا تھا ۔ افسانہ پہچان(89-87)، ان والدین کی درد بھری کہانی پر مشتمل ہے جو اپنے بچوں کو اپنا مستقبل سنوارنے اور تابناک بنانے کی غرض سے انہیں بیرون ملک بھیج دیتے ہیں لیکن یہ بنا سوچے کہ تنہائیاں کس قدر انہیں بعد میں ستاتی رہیں گی اور وہ خود کشی کرنے پر بھی کس طرح اتر آئیں گے۔ افسانہ سوداگر (96), جنت بے نظیر کشمیر میں امن کو ٹھیس پہنچانے اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو کس طرح خودغرض سوداگروں نے جیل تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور ان کا مستقبل تاریک بنانے میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑی اس تحریر میں خوب نظر آتی ہے ۔
افسانہ ایک لمبی رات کی کہانی(98), کرونا وائرس کے دور میں جہاں لوگ یہ ماننے سے قاصر تھے کہ کرونا بھی کوئی بیماری ہے تو دوسری طرف وہی لوگ آہستہ آہستہ اسی مہلک وباء کی لپیٹ میں آتے گۓ اور زندگی سے ہمیشہ کے لئے ہاتھ دھو بیٹھے۔ افسانہ میرے لہو کی کہانی (122-119), اس مجموعہ کا آخری اور ٹائٹل افسانہ ہے۔ شاندار اور دلکش انداز میں ان لوگوں کی کہانی پیش کرتاہے جو ملک سے باہر جانے کی دوڑ میں ہمیشہ رہتے ہیں تاکہ اپنا کیریئر بنانے یا ازدواجی زندگی میں مختلف رنگ بھرنے کا مقصد پورا کرسکیں لیکن ان کی غیر موجودگی میں نہ صرف وہ اپنی زمین جایداد اور مملکت سے محروم ہوجاتے ہیں بلکہ اپنا پیارا وطن انہیں ہمیشہ بلاتا رہتا ہے ۔ میرے لہو کی کہانی افسانوی مجموعہ میں شامل کہانیوں اور افسانچوں میں رومان بھی ہے اور معاشرے میں پھیل رہی برائیوں کا عکس بھی ، نشے کی وبا ہو یا رشوت کی آفت نور شاہ نے خوبصورت انداز میں صفحہ قرطاس پر بکھیرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.