سری نگر: منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایک بد نام زمانہ اور انتہائی مطلوب منشیات فروش کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے اور اس کو سینٹرل جیل کوٹ بلوال جموں میں بند رکھا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ مجاز اتھارٹی سے اجازت حاصل کرنے کے بعد ایک بدنام زمانہ اور انتہائی مطلوب منشیات فروش کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے اور اس کو سینٹرل جیل کوٹ بلوال جموں میں بند رکھا ہے۔
بیان میں مذکورہ منشیات فروش کی شناخت ارشاد احمد گنائی ولد عبدالجبار گنائی ساکن سولندہ ٹنگمرگ بارہمولہ کے طور پر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا: ‘یہ بات قابل ذکر ہے کہ مذکورہ منشیات فروش کے خلاف کئی مقدمے درج ہیں اور وہ سولندہ، کھائی پورہ، ٹنگمرگ اور ضلع کے دوسرے علاقوں کے نوجوانوں کو منشیات سپلائی کرنے میں ملوث تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ کئی مقدمے درج ہونے کے باوجود وہ اپنی حرکات سے باز نہیں آیا اور نوجوانوں کو منشیات سپلائی کرتا رہا۔
قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ میں سال رواں کے پہلے مہینے یعنی ماہ جنوری کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 24 مقدمے درج کرکے 3 سخت گیر منشیات فروشوں سمیت 39 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی تحویل سے لاکھوں روپیوں کا نشہ آور مواد ضبط کیا ہے۔
ضلع میں منشیات کے خلاف وسیع پیمانے پر جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے سال 2023 کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 264 مقدمے درج کرکے 464 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔
