دمشق: اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق کے مغربی علاقوں کو نصف شب کے بعد میزائل حملے سے نشانہ بنایا۔
عینی شاہدین اور مقامی میڈیا نے ہفتہ کی صبح یہ اطلاع دی۔
حکومت کے حامی الوطن نیوز آؤٹ لیٹ نے کہا کہ دمشق کے مغربی دیہی علاقوں میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور کہا گیا کہ یہ اسرائیلی حملہ تھا۔
عینی شاہدین اور حکومت کے حامی ذرائع ابلاغ کے مطابق، دمشق کے مغرب میں دیماس کے علاقے کے مضافات کے ساتھ ساتھ مشرو دمر کے پڑوس میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
دریں اثنا، سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا کہ یہ دھماکے دیماس کے علاقے میں فوجی اہداف پر اسرائیلی میزائل حملے کا نتیجہ ہیں۔ یہ شام اور لبنان کی سرحد کے قریب ہے۔
شامی وزارت دفاع نے کہا کہ حملہ اسرائیل کے زیر قبضہ گولان کی پہاڑیوں کے اوپر سے کیا گیا۔ فضائی دفاعی نظام نے کچھ میزائلوں کو روک لیا تھا۔ حملے سے مادی نقصان ہوا ہے۔ 24 گھنٹے سے بھی کم عرصے میں یہ دوسرا حملہ تھا۔
اس سے قبل جمعے کو وزارت دفاع نے کہا تھا کہ دو بغیر پائلٹ فضائی گاڑیوں نے مقبوضہ شامی گولان کی پہاڑیوں کی سمت سے شامی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی اور مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 10 منٹ پر دمشق کے مغرب میں تباہ ہو گئی تھیں۔
یو این آئی