سری نگر: وادی کشمیر کے نوجوان مختلف شعبہ ہائے حیات میں اپنی صلاحیتوں اور ذہانت و ذکاوت کا مظاہرہ کرکے جہاں اپنے وطن کا نام روشن کر رہے ہیں وہیں دوسروں کے لئے بھی کامیابی و کامرانی کی ایک مثال بن رہے ہیں۔
ایسی ہی مثال جنوبی کشمیر کے مشہور قصبہ ترال سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کی ہے جس نے شاہین کی مانند فضا میں اڑان بھرنے کے خواب کو اپنی محنت اور جہد مسلسل کے فارمولے پر عمل کرکے شرمندہ تعبیر کر دیا۔
راجہ شاہ زیب نامی یہ نوجوان قصبہ ترال کا پہلا نوجوان ہے جس کو پائلٹ بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور ائیر انڈیا نے تمام لوازمات کی ادائیگی کے بعد ان کی پائلٹ کے طور پر تقرری عمل میں لائی ہے۔
انہوں نے دہلی سے یو این آئی کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کے دوران کہا: ‘تیسری جماعت سے ہی مجھے پائلٹ بننے کا شوق تھا گرچہ گھر والے مجھے سول سروس میں دیکھنا چاہتے تھے تاہم میں نے اپنے شوق کو پورا کرنے کے لئے جد وجہد جاری رکھی’۔
ان کا کہنا تھا: ‘یہ ایک الگ فیلڈ تھا اس لئے گھر والوں کو اس کے متعلق سمجھانے اور اس کی طرف راغب کرنے میں کسی قدر دقتوں کا سامنا کرنا پڑا تاہم ہر مرحلے پر ان کا بھر پور تعاون رہا جس سے میں اپنی منزل کو حاصل کر سکا’۔
شاہ زیب اپنے والد کے ساتھ عرصہ درا ز سے سری نگر میں سکونت پذیر ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘میرے والد شادی سے قبل ہی ترال سے سری نگر منتقل ہوئے تھے اور ہم کاٹھی دروازہ رعناواری میں سکونت پذیر ہیں جس کی وجہ سے میری ابتدائی تعلیم سری نگر کے ہی مختلف اسکولوں میں ہوئی اور بعد کشمیر یونیورسٹی سے میں نے بی ٹیک میکانیکل کی ڈگری حاصل کی’۔
ان کا کہنا تھا: ‘میں نے اندرا گاندھی راشٹریہ اڑان اکیڈمی سے تین سالہ کورس مکمل کر لیا’۔
شاہ زیب کا ماننا ہے کہ کشمیر کے نوجوان نہ صرف محنتی ہیں بلکہ نہایت ہونہار بھی ہیں اور کسی بھی شعبے میں اپنا ایک منفرد مقام حاصل کرسکتے ہیں بلکہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘کشمیر کے نوجوان محنتی اور ہونہار ہیں وہ کسی بھی میدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ سکتے ہیں اور عزت و وقار کی روزی روٹی کما سکتے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘اپنے ہی وطن میں روز گار ملنا اچھی بات ہے لیکن جموں وکشمیر سے باہر روز گار کمانے کے بسیار مواقع ہیں اور ہمارے نوجوانوں کو ان مواقع کا بھر پور فائدہ اٹھانا چاہئے’۔
