بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
6.9 C
Srinagar

ٹوکیو ایئرپورٹ پر دو طیاروں کے تصادم کے باعث تین سو سے زائد پروازیں منسوخ

ٹوکیو: منگل کی شام ٹوکیو کے ہنیڈا ہوائی اڈے پر جاپان کوسٹ گارڈ کے طیارے اور جاپان ایئر لائن کے مسافر طیارے کے درمیان تصادم کے بعد ایئر لائن کمپنیوں کو 300 سے زیادہ پروازیں منسوخ کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
حادثے کے بعد ہوائی اڈے نے کل شام گھنٹوں تک تمام رن وے بند کر دیے تھے، جس کی وجہ سے ہنیڈا جانے اور وہاں روانہ ہونے والی 226 پروازیں منسوخ ہوئیں، جس سے 40,000 سے زائد مسافر متاثر ہوئے۔

تین رن ویز کو بدھ کے روز دوبارہ کھولے جانے کے باوجود، تقریباً 100 پروازوں کے منسوخ ہونے کی توقع ہے، جس سے 19,000 مسافروں کے سفر میں خلل پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ منگل کے روز مقامی وقت کے مطابق شام چھ بجے جاپان ایئر لائنز (JAL) کی پرواز 516، ایئربس A-350 ہوکائیڈو پریفیکچر کے نیو چٹوز ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے کے بعد ہنیڈ کے سی-رن وے پر لینڈنگ کرتے ہوئے کوسٹ گارڈ کی پرواز MA-722 بمبارڈیئر ڈیش-8 سے ٹکرا گئی، جس سے دونوں طیاروں میں آگ لگ گئی۔ جس کی وجہ سے ایم اے 722 پر سوار عملہ کے چھ میں سے پانچ ارکان کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی، جبکہ کپتان شدید زخمی ہو گیا۔

کوسٹ گارڈ کے ترجمان یوشینوری یاناگیشیما کے مطابق، پیر کی سہ پہر وسطی جاپان میں آنے والے زلزلے کے بعد کوسٹ گارڈ کا طیارہ نیگاتا پریفیکچر میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سامان پہنچانے کے لیے رن وے پر کام کر رہا تھا۔

ٹوکیو فائر ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ حادثے کے بعد آگ بجھانے میں آٹھ گھنٹے سے زیادہ کا وقت لگا۔

قومی نشریاتی ادارے این ایچ کے نے جاپان کی وزارت ٹرانسپورٹ کے ذرائع کے حوالہ سے رپورٹ دی ہے کہ ہنیڈا ایئر ٹریفک کنٹرولرز نے حادثہ سے قبل مسافر طیارے کو رن وے پر اترنے کی اجازت دے دی تھی اور کوسٹ گارڈ کے طیارے کو رن وے سے دور رہنے کا حکم دیا تھا۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img