بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
12.9 C
Srinagar

کشمیر میں ٹھٹھرتی سردیوں کا زور اور گہری دھندقائم

سری نگر: وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ ٹھٹھرتی سردیوں کا زور اور گہری دھند کا راج برابر قائم ہے جس سے لوگ گونا گوں مشکلات و مسائل سے دو چار ہو رہے ہیں۔سری نگر سمیت وادی کے کئی میدانی علاقوں میں جمعہ کی صبح بھی گہری دھند چھائی رہی جس سے صبح کے وقت گھروں سے نکلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
گہری دھند سے وزیبلٹی انتہائی کم تھی جس کے نتیجے میں ڈرائیور حضرات کو ہیڈ لائٹس چالو کرکے ہی گاڑیاں چلانا پڑیں اور نماز فجر کی ادائیگی اور روٹہ دودھ لانے والوں کو بھی روشنی کا استعمال کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی کشمیر، بارہمولہ اور پلوامہ کے میدانی علاقوں میں 31 دسمبر تک دھند کا راج قائم رہنے کا امکان ہے۔دریں اثنا وادی میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد اور معمول سے نیچے درج ہونے سے ٹھٹھرتی سردیوں کا زور جاری ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارد کیا گیا جو معمول سے 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.9 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سائیبریا کے بعد دنیا کے دوسرے سرد ترین علاقہ قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی13.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں 31 دسمبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران وسطی کمشیر، بارہمولہ، گاندربل اور پلوامہ کے میدانی علاقوں میں دھند چھائی رہنے کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 31 دسمبر کی شب پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں بارشوں یا برف باری کا امکان ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں خشک موسم مگر ٹھٹھرتی شبانہ سردیوں کی سلامی کے بیچ سردیوں کا بادشاہ ’چلہ کلان‘ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اپنے چالیس روزہ مسند اقتدار پر پوری آب وتاب کے ساتھ جلوہ افروز ہوگیا۔چلہ کلان جو ’شہنشہاہ زمستان‘ کے نام سے بھی وادی کے قرب وجوار میں مشہور ہے،21 دسمبر سے شروع ہو کر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔
یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img