دفعہ 370 کے خاتمے کے بعدجموں کشمیر میں کچھ اہم تبدیلیاںہو چکی ہیں ،جہاں پُرانی سیاسی جماعتیں کمزو ر نظر آنے لگی ہیں، وہیں یہ بھی ایک تلخ حقیقت ہے کہ اس اقدام کے بعد جموں کشمیر میں کچھ نئے سیاسی چہرے سامنے آچکے ہیں،جن کو شوشل میڈیا پر عام لوگ زبردست پسند کرتے ہیں ۔یہ دوسری بات ہے کہ ان افراد کی نہ کوئی اپنی حیثیت ہے اور نہ کوئی سوچ اور سنجیدگی۔مگر جہاں تک دیگر مختلف شعبوں کا تعلق ہے ان میں بڑی تیزی کے ساتھ تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں ۔تعلیم و تربیت کا شعبہ ہو یا پھر کھیل کود کا میدان ۔
گیت، سنگیت کے شعبے ہویا پھر فلمی دنیا ،سمارٹ سٹی کی تعمیر ہو یا پھر مرکزی اسکیمیں عملانے کی بات ہو ۔ان سب شعبوں میں ترقی کی بدولت آنے والی نسل کو فائدہ ضرور ملے گا۔یہ بات بھی مشاہدے میں آرہی ہے کہ وادی کے بچے کھیل کود کی جانب زیادہ راغب ہورہے ہیں۔ ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح جموں کشمیرخاصکر وادی کے بچوں میں بھی روز بروز کھیلوں کاشوق بڑھتا جارہا ہے اور وادی کے بچے اب مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ بھی کرنے لگے ہیں ۔اس طرح وہ ملک کی اہم شخصیات کے لئے توجہ کا مرکز بنتے جارہے ہیں ۔ یہ بچے ان اہم شخصیات کی توجہ اپنی جانب مرکوز کرنے میں کامیاب بھی ہو رہے ہیں۔وادی کے درجنوں بچوں نے ملکی اور عالمی سطح کے کھیلوں میں ہو رہے مختلف مقابلوں میں اپنا لوہا منوایا ہے اور اپنے وطن کے لئے مختلف قسم کے تمغے حاصل کئے ہیں ۔یہ پہلا موقع ہے جب فلمی دنیا کی مانی جانی شخصیت اکشے کمار نے ’آئی ایس پی ایل‘ یعنی انڈین اسٹریٹ پریمئر لیگ(ٹی۔10)ٹینس کرکٹ ٹیم سرینگر کے نام سے خریدنے کا اعلان کیا ہے۔
فلمی اداکار اکشے کمار جو خود بھی کھیل کھود کے بڑے شوقین ہیں ،نے انسٹراگرام کے ذریعے سے اس بات کی جانکاری دی اور کرکٹ کھیلنے والے وادی کے کھیلاڑیوں کو اپنی ٹیم میں شامل ہونے کے لئے رجسٹریشن کرانے کا اعلان کیا۔گزشتہ 76برسوں میں یہ پہلا موقع ہے، جب وادی کی کوئی ٹیم اس طرح کسی ملکی شخصیت نے خریدنے کی پہل کی ہو۔اگر چہ وادی کے چند ایک کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں کھیلنے کا موقع ملا تھا ۔تاہم اگلے سال شروع ہونے والی لیگ کےلئے کسی بھی کشمیر ی کھلاڑی کو بولی میں نہیں رکھا گیا ۔جموں کشمیر کی فٹبال ،کرکٹ،اور والی بال ٹیموں نے آج تک ملکی سطح پرکھیل کر اپنا لوہا منوایا ہے، تاہم آج تک کوئی بھی ٹیم ملکی سطح پر نہیں خریدی گئی ۔اکشے کمار کے اس اقدام سے وادی کے کھیل شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور اُمید کی جارہی ہے کہ آنے والے وقت میں جموں کشمیر کے کھلاڑیوں کو نہ صرف قومی کرکٹ ٹیم میں جگہ ملے گی بلکہ مختلف کھیلوں میں بھی انہیں اپنی جگہ بنانے کا موقع فراہم ہوگا تاکہ وہ بھی ملک کےساتھ ساتھ اپنے کشمیر کا نام روشن کر پائیں ۔ان اقدامات سے یہ بات بھی آشکار ہو رہی ہے کہ اب ملک کے ساتھ جموں کشمیر کے انضمام سے یہاں کے لوگوں کے لئے مختلف ترقی اور خوشحالی کے راستے کھلنے لگے ہیں ،وہ کھیل کود کا شعبہ ہو یا تجارت کا یا پھر بالی ووڈٹیموں میں شمولیت ۔ان اقدامات سے نہ صرف جموں کشمیر کے جوانوں کےلئے روزگار کے موقعے فراہم ہوں گے بلکہ انہیں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع بھی فراہم ہوگا۔ اس طرح کی کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت ہے ۔





