منگل, دسمبر ۱۶, ۲۰۲۵
13.8 C
Srinagar

سری نگر میں اسکول ڈراپ آﺅٹس کی روک تھام کے لئے دو روزہ ورک شاپ منعقد

سری نگر: تعلیمی اداروں میں بچوں کے داخلے کو بڑھانے اور بالخصوص اسکول ڈراپ آﺅٹس کی تعداد کو گھٹانے کی کاوشوں کو جاری رکھتے ہوئے متعلقین نے یہاں سری نگر میں منعقدہ دو روزہ ورک شاپ کے دوران ‘ابتدائی وارننگ نظام’ کے موضوع کے تحت مختلف امور پر سیر حاصل گفتگو کی۔سری نگر میں رواں ہفتے کے آغاز میں منعقدہ اس دو روزہ ورک شاپ کا اہتمام سمگرا شکشا نے یو این آئی سی ای ایف، جموں وکشمیر ایسو سی ایشن آف سوشل ورکرس اور نیشنل ڈیولپمنٹ فاﺅنڈیشن کے اشتراک سے کیا تھا۔ورک شام کے منتظمین کا ماننا ہے کہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے مطابق سکولنگ سسٹم کے بنیادی مقاصد میں سے ایک اہم مقصد یہ ہے کہ تمام بچوں کے سکولوں میں داخلے کو یقینی بنایا جائے۔نیشنل سیمپل سروے آفس (این ایس ایس او) کے سال 2017 -18 کے 75 ویں سروے کے مطابق 6 سے 17 سال کی عمر کے سکول ڈراپ آﺅٹ بچوں کی تعداد 3 کروڑ 22 لاکھ ہے۔

ان کا کہنا ہے: ‘ان اسکول ڈراپ آﺅٹ بچوں کو جلد سے جلد تعلیمی دائرے میں واپس لانا ہماری اولین ترجیح ہے اور سال 2030 تک پری سکول سے سیکنڈری سطح تک اسکولوں میں بچوں کے صد فیصد داخلے کو یقینی بنانا بھی ترجیحات میں شامل ہے’۔انہوں نے کہا کہ اس مشن کو پورا کرنے کے لئے ضروری ہے کہ اس بات کو سمجھنے کی کوشش کی جائے کہ بچوں کے اسکول چھوڑنے کی بنیادی وجہ کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں ایک میکانزم تشکیل دینے کی ضرورت ہے تاکہ ڈراپ آﺅٹس کی تعداد کو کم کیا جاسکے۔ورک شاپ کے دوران تیکنکی سیشن کو یو این آئی سی ای ایف سے وابستہ ماہر تعلیم گنیش نگم نے انجام دیا۔اس ورک شاپ میں پروجیکٹ ڈائریکٹر سمگرا شکشا جموں وکشمیر انجینئر دیپ راج کنیتھا کی ہدایت پر سنگرا شکشا کے کواڈینیٹر راج کمار کے علاوہ صوبہ کشمیر کے 25 ضلع نوڈل افسروں نے شرکت کی۔اس موقع پر یو این آئی سی ای ایف کے ماہر تعلیم دانش عزیز نے کہا کہ یو این آئی ای سی ایف اس میدان میں پہل کار اور رہبر ہے اور اس نے بین الاقوامی سطح پر حاصل شدہ تجربات کی بنیاد پر اس ضمن میں کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن جموں وکشمیر کی مدد سے اس میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ جے کے اے ایس ڈبلیو کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اشفاق احمد متو نے کہا کہ ہم سال 2021 سے اس مشن کو کامیاب بنانے کے لئے پر عزم ہیں۔انہوں نے کہا: ‘ہم سمگرا شکشا کے ساتھ کام کریں گے تاکہ اس پروگرام کو عملی جامہ پہنایا جا سکے اور اس کو کامیابی سے ہمکنار کیا جاسکے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img