نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) کی پبیترا مارگریٹا نے جمعہ کو راجیہ سبھا میں مطالبہ کیا کہ ہندوستان کے خلاف عالمی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کے لیے دوردرشن کے تحت ایک بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی شروع کی جائے۔
ایوان میں وقفہ صفر کے دوران محترمہ مارگریٹا نے کہا کہ کسی بھی بین الاقوامی تنازعہ میں ہندوستان کا ساتھ دینے اور ہندوستانی مفادات کے تحفظ کے لیے ایک بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ بین الاقوامی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کے لیے یہ ایجنسی دوردرشن کے تحت شروع کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرسار بھارتی، دور درشن اور آل انڈیا ریڈیو بین الاقوامی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے میں بہتر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
شیوسینا کی پرینکا چترویدی نے ایوان میں نوجوانوں میں اچانک دل کے دورے پڑنے کے واقعات کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ اس پر ایک ریسرچ کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ کے دوران دی جانے والی دوائیوں کے سلسلے میں بھی ریسرچ ہونا چاہیے۔ امریکہ کی فائزر کووڈ ویکسین کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستانی کووڈ ویکسین کے اثرات پر بھی ریسرچ کیا جانا چاہئے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کی اندو بالا نے پٹھان کوٹ میں دہلی-کٹرہ کے درمیان چلنے والی وندے بھارت ٹرین کو اسٹاپیج دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ہماچل پردیش کے یاتریوں کو مقدس مقامات پر جانے والے عقیدت مندوں کو سہولت ملے گی۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے وجے پال سنگھ تومر نے اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس پر سخت ترین سزا کا بندوبست ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ بچوں اور نوجوانوں میں خطرناک بیماریوں کا باعث بن رہی ہے۔ یہ ملاوٹ دودھ کی مصنوعات اور مسالوں میں زیادہ ہے۔
یو این آئی