جمعہ, فروری ۱۴, ۲۰۲۵
11.8 C
Srinagar

پولیس اور عوام ۔۔۔۔۔۔

کسی بھی ملک ،قوم اور معاشرے کی اصلاح ،فلاح وبہبود اور ترقی وبلندی کے لئے محکمہ پولیس کا رول وکردار اہم ترین تصور کیا جا تا ہے ۔ اِس شعبے کے قیام کا مقصد معاشرے سے جرائم، بدعنوانیوں اور خلافِ قانون حرکات کو ختم کرکے اس کو پاکیزہ اور صاف وشفاف بنانا ہوتا ہے۔

تاکہ معاشرہ کامیابی و کامرانی کی منازل طے کرکے دنیا میں امن و امان اور راحت و اطمینان کا ذریعہ بنے۔لوگوں کے مال و جان، عزت و آبرو، اور ان کا تشخص محفوظ رہے، اور وہ سکھ، چین، اور عافیت کی زندگی گزار سکیں۔ جس قوم اور معاشرے میں پولیس جتنی مضبوط اور مستحکم ہوگی ،جرائم اور بدعنوانیاں اس میں اتنی ہی کم ہوں گی اورامن وامان اور حفظ و سلامتی اس میں اسی قدر زیادہ ہوگی۔اس حوالے سے اگر ہم جموں وکشمیر کا جائزہ لیں تو کسی کو بھی اس بات سے انکار نہیں ہوسکتا ہے کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران جموں وکشمیر پولیس کی کارکردگی قابل تحسین ہے ۔

جموں وکشمیر کی پولیس جہاں قیام امن میں اپنا رول ادا کررہی ہے بلکہ سماجی برائیوں اور بد عنوائیوں کے لئے ذمہ دارانہ رول ادا کررہی ہے ۔تاہم اس حقیقت کو بھی جھٹلایا نہیں جاسکتا ہے کہ جموں وکشمیر میں پولیسنگ کو مزید بہتری کی گنجائش ہے ۔تھانہ پولیسنگ کو عوام دوست بنانے کی ضرورت ہے ،تاکہ عام لوگ پولیس کے نام سے خوف میں مبتلاءہونے کی بجائے پولیس کو اپنا محافظ تصور کرے ۔حال ہی میں جموں وکشمیر پولیس کے نو منتخب سربراہ آر آر سوین نے اپنی نوعیت کا پہلا عوامی دربار منعقد کیا ۔اس دربار کو عوامی حلقوں نے کافی حد تک سراہا اور اس عمل کو بہترین قرار دیا ،کیوں کہ اس عمل سے عوام اور پولیس کے درمیان رابطہ اور رشتہ مزید مضبوط ہوگا ۔جبکہ اس عمل سے انصاف کے تقاضے بھی جلد از جلد پورے ہوں گے ،کیوں کہ بعض اوقات فرضی مقدمات میں بے قصوروں کو بلا وجہ تھانوں یا جیلوں میں قید ہونا پڑتا ہے ۔اس عمل سے ایسے مقدمات کا بھی حل تلاش کیا جاسکتا ہے ،جن کا پیچ پھنسا رہتا ہے ۔

پولیس سربراہ کی کوشش یا پہل اور اُن کی سوچ سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ جموں وکشمیر پولیس اپنے عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے حوالے سے کافی سنجیدہ ہیں ۔اس طرح کی کوششوں کو مزید پھیلانے کی ضرورت ہے ،تاکہ سماج کو برائیوں ،بد عنوائیوں ،منشیات اور دیگر خرافات سے پاک بنایا جاسکے ۔عوام کو بھی ذمہ دارانہ رول ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

قوم کے اُن غیور اور نیک دل اور عوام دوست پولیس افسروں و اہلکاروں کو ہم سلام عقیدت پیش کرتے ہیں،جواپنے اہل خانہ کے ساتھ خوشیوں میں شریک نہ ہوکر اور عوام کی حفاظت پر اپنی عیدیں اور دیگر تہواروں کی خوشیاںبھی قربان کر دیتے ہیں۔ تاہم ضروری ہے کہ جموں وکشمیر پولیس اُن کیسوں کا عوامی در بار کے دوران ہی حل تلاش کریں ،جن کا ایف آئی آر درج نہیں ہوتا ہے ،یا جو آپسی صلاح ومشورہ کیساتھ حل کئے جاسکتے ہیں ۔پولیس اور عوام کے درمیان تعلقات ،رشتہ اور رابطہ بہتر سے بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔تاکہ جموں وکشمیر کا معاشرہ اور سماج ہر طرح کی برائیوں سے پاک ہوجائے ۔

 

 

Popular Categories

spot_imgspot_img