پیر, دسمبر ۲, ۲۰۲۴
7.2 C
Srinagar

ڈوڈہ میں دلدوز سڑک حادثہ، کم سے کم 37 مسافر جاں بحق،14زخمی، مزید چھ کی حالت نازک

جموں: جموں وکشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے عسر علاقے میں بدھ کی صبح ایک دلدوز سڑک حادثے میں کم سے کم 37 مسافروں کی موت جبکہ14 دیگر زخمی ہوگئے۔وزیر اعظم دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہاکہ زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں سے مزید چھ کی حالت بھی نازک بنی ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق ڈوڈہ کے عسر علاقے میں بدھ کی صبح ایک مسافر بر دار گاڑی جس میں کم سے کم 55 مسافر سوار تھے، چارسو فٹ گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 55مسافر شدید طورپر زخمی ہوئے۔معلوم ہوا ہے کہ مقامی لوگ اور پولیس کے سینئر آفیسران جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے 37مسافروں کو مردہ قرار دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہوئے 14میں سے چھ کی حالت بھی نازک بنی ہوئی ہے اور انہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ اور جموں منتقل کیا گیا۔پولیس کے ایک سینئر آفیسرنے خبر رساں ایجنسی کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ بدھ کی صبح عسر ڈوڈہ کے مقام پر مسافر وں سے کچھا کھچ بھری ہوئی ایک گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک گاڑی زیر نمبر JK02CB-6555جوں ہی عسر کے مقام پر پہنچی تو موڑ کاٹنے کے دوران گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر چار سو فٹ گہری کھائی میں جاگری۔انہوں نے مزید بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی لوگ جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے 37مسافروں کو مردہ قرار دیا جبکہ 14شدید طورپر زخمی ہوئے جن میں سے چھ کی بھی حالت انتہائی نازک بنی ہوئی ہے۔

ان کے مطابق حادثہ اس قدر بھیانک تھا کہ مسافر بردار گاڑی میں سوار سبھی مسافر شدید طورپر زخمی ہوئے اور اکثر مسافر برسر موقع ہی اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔انہوں نے کہا کہ کچھ زخمیوں کی تشویشناک حالت کے پیش نظر مہلوکین کی کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے۔موصوف آفیسر نے بتایا کہ حادثہ کیسے اور کن حالات میں ہوا اس کی بڑے پیمانے پر جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔

دریں اثنا وزیر اعظم دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ عسر ڈوڈہ میں بدھ کی صبح پیش آئے حادثے میں 36مسافر جاں بحق اور 19دیگر زخمی ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہوئے چھ مسافروں کی حالت بھی تشویشناک بنی ہوئی ہے اور انہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا۔مرکزی وزیر نے کہاکہ ضلعی ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ ریسکیو آپریشن کی از خود نگرانی کر رہے ہیں۔انہوں نے حادثے پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔مرکزی وزیر نے مزید کہاکہ زخمیوں کی ہر طرح سے مدد فراہم کی جارہی ہیں۔علاوہ ازیں جموں وکشمیر کی سبھی سیاسی اور مذہبی تنظیموں نے ڈوڈہ میں پیش آئے سانحہ پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، نائب صدر عمر عبداللہ ، پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی ، ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے چیرمین غلام نبی آزاد، کانگریس صدر وقار رسول وانی، سجاد غنی لون، الطاف بخاری نے ڈوڈہ بٹوت شاہراہ پر عسر کے نزدیک دلدوز اور دلخراش سڑک حادثہ میں37افراد کے لقمہ اجل بن جانے پر زبردست رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے حادثے میں لقمہ اجل بنے افراد کے اہل خانہ اور لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے لقمہ اجل بنے کے لواحقین کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کیلئے اللہ سے دعا مانگی۔لیڈران نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ زخمی ہوئے افراد کو بہتر سے بہتر علاج و معالجہ یقینی بنائے اور لقمہ اجل بنے افراد کے پسمادگان کے حق میں ایکش گریشیا ریلیف فراہم کی جائے۔ مذہبی تنظیموں سے وابستہ علمائ نے بھی اس دلدوز سڑک حادثے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور لقمہ اجل بنے افراد کے پسماندگان کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img