ہفتہ, جنوری ۲۵, ۲۰۲۵
5.5 C
Srinagar

کشمیر: گلمرگ میں سرمائی سیاحت کے پیش نظر تمام تر تیاریوں کا عمل عروج پر

سری نگر:وادی کشمیر کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں سرمائی سیاحت کے پیش نظر جہاں تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے وہیں دوسری طرف ان تمام امکانات و مواقع کو تلاش کیا جا رہا ہے جو سیاحوں کے لئے خوشگوار یادوں کا باعث بن جائیں گے۔
محکمہ سیاحت تمام متعلقہ محکموں بشمول گلمرگ ڈیولوپمنٹ اتھارٹی، جے کے ٹی ڈی سی، یوتھ سرووسز اینڈ سپورٹس، کیبل کار کارپوریشن، پی ڈی ڈی، آر ینڈ بی جل شکتی وغیرہ کے ساتھ سرمائی سیاحت میں چار چاند لگانے کے لئے تیاریوں کو مکمل کرنے میں جٹا ہوا ہے۔
سکریٹری ٹورزم ڈاکٹر سید عابد رشید نے تمام افسروں سے تاکید کی ہے کہ وہ سرمائی سیاحت کے دوران سیاحوں کو تمام سہولیات کی دستیابی کو ہر حال میں یقینی بنایئں۔
انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ گلمرگ میں بنیادی سہولیات کا آڈٹ کرکے خامیوں کو دور کریں۔
انہوں افسروں سے کہا کہ گلمرگ میں موسم سرما کے دوران سیاحتی سرگرمیوں کے احسن انعقاد کے لئےہوٹل مالکان، گھوڑے بانوں، ٹرانسپورٹروں اور دیگر متعلقین کے ساتھ میٹنگیں کریں۔
موصوف سکریٹری سیاحت نے گلمرگ میں سرمائی سیاحت کے امکانات کو تلاش کرنے پر زور دیا اور افسروں سے تاکید کی کہ وہ گلمرگ میں ٹریفک کی ہموار نقل و حمل کے علاوہ ٹنگمرگ میں پارکنگ سہولیات کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے تمام محکموں سے مربوط تعاون طلب کیا تاکہ سیاح خوشگوار یادیں لے کر واپس جا سکیں۔
تمام متعلقہ محکموں پر مشتمل ایک مشترکہ کنٹرول روم قائم کرنے کی بھی ہدیات دی گئیں۔
حکام کے مطابق امسال جموں وکشمیر میں ریکارڈ تعداد میں سیاحوں کی آمد متوقع ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سال رواں کے ماہ اگست تک ایک کروڑ 52 لاکھ سیاحوں نے جموں وکشمیر کی سیر کی ہے جبکہ سال گذشتہ کل ایک کروڑ 88 لاکھ سیاح یہاں آئے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ امسال سیاحوں کی تعداد سوا دو سو کروڑ سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔
حکام کے مطابق حکومت 75 نئے سیاحتی مقامات کو فروغ دے رہی ہے جہاں تمام تر ضروری انفراسٹرکچر کو دستیاب رکھا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ سری نگر میں جی ٹونٹی ٹورزم اجلاس کے انعقاد کے بعد غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں بھی اضافہ درج ہوا ہے۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img