پیر, دسمبر ۲, ۲۰۲۴
9.9 C
Srinagar

مشرقی وسطیٰ تنازعہ: بادامی باغ میں فوج اور پولیس کی مشترکہ میٹنگ، سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا

سری نگر: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے مشیر آر آر بھٹناگر اور فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپندرا دیویدی نے یہاں بادامی باغ فوجی چھاونی میں جموں وکشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران مشرق وسطیٰ تنازعہ کے پیش نظر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے مشیر آر آر بھٹناگر ، شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپندرا دیویدی اور پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کی سربراہی میں بادامی باغ فوجی چھاونی میں ایک مشترکہ سیکورٹی میٹنگ منعقد ہوئی۔معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ کے دوران فلسطین ، اسرائیل جنگ کے پیش نظر سیکوٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔دفاعی ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران مشرقی وسطیٰ کے تنازعات کے پس منظر میں سلامتی صورتحال کے حوالے سے سینئر آفیسران کے مابین گفت وشنید ہوئی۔انہوں نے مزید کہاکہ ایل جی کے مشیر نے موسم سرما میں انسداد دہشت گردی گرڈ کو مزید مضبوط و مستحکم کرنے پر زور دیا۔ اس غیر معمولی اہمیت کی حامل میٹنگ میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ انسداد دراندازی اور انسداد دہشت گردی گرڈ کو مضبوط کرنے کی خاطر طریقہ کار پر غور کیا گیا۔ان کے مطابق چنار کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھائی نے عزت مآب ایل جی کے مشیر آ ر آر بھٹناگر اور شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل اوپندرا دیویدی کو کشمیر کی سیکورٹی صورتحال پر بریفننگ دی۔انہوں نے کہاکہ میٹنگ کے دوران انسداد دراندازی گرڈ کو مضبوط کرنے کے طریقہ کار پر غور کیا گیا۔دفاعی ذرائع نے مزید بتایا کہ میٹنگ کے دوران کشمیر میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران ایل او سی پر سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ مشیر موصوف کو ایل او سی پر فوج کی تعیناتی کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ کسی کو بھی اس طرف آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اس موقع پر شمالی کمان کے سربراہ نے کہاکہ سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل کی وجہ سے ہی ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کامیابی سے ہمکنار ہو رہے ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ اس اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران کشمیر صوبے کی سیکورٹی صورتحال کا از سر نو جائزہ لیا گیا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img