سری نگر: شمالی ضلع بارہ مولہ میں سیکورٹی فورسز نے لشکر طیبہ (ٹی آر ایف) سے وابستہ ایک ملی ٹینٹ معاون کو قابل اعتراض مواد سمیت دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 10اکتوبر کو مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد 46آر آر، 53بٹالین سی آر پی ایف اور بارہ مولہ پولیس نے بارہ مولہ کے اشکارا علاقے میں ناکہ لگایا ۔
انہوں نے بتایا کہ مخالف سمت سے آرہے ایک مشتبہ نوجوان نے جوں ہی سیکورٹی فورسز کو دیکھا تو اس نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم سلامتی عملے نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کا لا کر نوجوان کو دھر دبوچا ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار نوجوان کی جامہ تلاشی کے دوران دو ہینڈ گرینیڈ، نقدی چالیس ہزار روپیہ اور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ گرفتار نوجوان کی شناخت مدثر احمد بٹ ولد عبدالحمید بٹ ساکن اشکارا بارہ مولہ کے بطور ہوئی اور وہ لشکر طیبہ سے وابستہ ہے۔
ان کے مطابق پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
یو این آئی