ہفتہ, نومبر 28, 2026
11.3 C
Srinagar

اوڑی سڑک حادثہ، چار ہلاک: وزیر اعلیٰ کا اظہارِ افسوس، جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 2،2 لاکھ روپے امداد کا اعلان

بارہمولہ، 28 نومبر: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے علاقے حلقہ گوہالن میں ٹاٹا سومو گاڑی کو پیش آئے ایک المناک سڑک حادثے میں میاں بیوی سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ 11 سالہ بچی زخمی ہوگئی۔

اطلاعات کے مطابق، گاڑی زیرِ نمبر JK01P-2583 حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے سب ڈسٹرکٹ اسپتال اوڑی منتقل کیا گیا، جہاں چار افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 26 سالہ سید شفیق شاہ، ان کی 25 سالہ اہلیہ رشیدہ بانو، ان کی 17 سالہ بہن دلناز فاطمہ اور 27 سالہ شاہدہ فاطمہ دختر عابد حسین شاہ کے طور پر ہوئی ہے۔

11 سالہ مناز فاطمہ دختر سید مدد حسین شاہ کو مزید علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج منتقل کیا گیا ہے۔

اوڑی سڑک حادثہ: وزیر اعلیٰ کا اظہارِ افسوس، جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 2،2 لاکھ روپے امداد کا اعلانوزیر اعلیٰ نے ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی میں پیش آئے المناک سڑک حادثے میں چار قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ نے وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ سے حادثے میں جاں بحق ہونے والے ہر فرد کے لواحقین کے لیے دو لاکھ روپے جبکہ زخمی کمسن بچی کے لیے ایک لاکھ روپے کی ایکس گریشیا امداد کا اعلان کیا ہے۔واضح رہے کہ اوڑی کے علاقے گوہالن میں پیش آئے اس حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق جبکہ ایک 11 سالہ بچی زخمی ہوگئی تھی۔

الطاف بخاری کا اوڑی حادثے میں چار قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس

اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے ہفتے کے روز اوڑی میں پیش آئے المناک سڑک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، جس میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق جبکہ ایک کمسن بچی زخمی ہوگئی۔

یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب خاندان شادی کی تقریب سے واپس لوٹ رہا تھا اور ان کی گاڑی اوڑی کے علاقے گوہالن میں ایک نالے میں جا گری۔

اپنے تعزیتی بیان میں سید محمد الطاف بخاری نے کہا:’’اوڑی میں پیش آئے اس المناک سڑک حادثے سے مجھے گہرا صدمہ اور دکھ پہنچا ہے، جس میں ایک ہی خاندان کے چار قیمتی افراد کی جانیں چلی گئیں جبکہ ایک کمسن بچی زخمی ہوگئی۔ یہ ایک دل دہلا دینے والا سانحہ اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔‘‘

سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا:’’میری گہری تعزیت غمزدہ خاندان اور اس المناک سانحے پر افسردہ تمام افراد کے ساتھ ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں اس مشکل وقت میں صبر، ہمت اور حوصلہ عطا فرمائے۔ میں دعاگو ہوں کہ مرحومین کو جنت میں اعلیٰ مقام نصیب ہو اور زخمی بچی جلد مکمل صحت یاب ہو جائے۔‘‘

Popular Categories

spot_imgspot_img