کولگام میں چوروں کا گینگ بے نقاب، 7 گرفتار، لاکھوں روپیوں کا مال مسروقہ بر آمد:پولیس

کولگام میں چوروں کا گینگ بے نقاب، 7 گرفتار، لاکھوں روپیوں کا مال مسروقہ بر آمد:پولیس
سری نگر: پولیس نے جنوبی ضلع کولگام میں چوروں کے ایک گینگ کو 24 گھنٹوں کے اندر ہی بے نقاب کرکے 7 چوروں کو گرفتار کرکے کم سے کم 10 سے 12 لاکھ روپیے مالیت کا مال مسروقہ بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ چوری کی وارداتوں کے متعلق کئی شکایتیں موصول ہونے پر متعقلہ دفعات کے تحت کیس درج کرکے ان وارداتوں میں ایس پی ہیڈ کوارٹرز غلام محمد بٹ کی سربراہی میں ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی۔انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران ایک ایان شمیم ولد محمد شمیم حلوائی ساکن بجنور یو پی حال رنگریز پورہ کولگام کو پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا: ‘دوران پوچھ تاچھ اس نے انکشاف کیا کہ اس نے یہ جرم مزید 6 افراد جن کی شناخت شاہد شیخ ولد محمد جاسم شیخ ساکن دہلی حال سری نگر، فرمان احمد ولد حنیف انصاری ساکن بجنور یوپی، محمد عامر ولد محمد یاسین ساکن یو پی، مدثر حبیب ولد حبیب اللہ میر ساکن شالی پورہ سوپور، بہر عالم ولد منی احمد ساکن یو پی اور شبیر احمد بکر وال ولد مشتاق احمد بکروال (کمسن) کے بطور کی گئی، کے ساتھ مل کر انجام دیا’۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ ان تمام افراد کو پولیس اسٹیشن طلب کیا گیا جہاں انہوں نے چوری کی کئی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا جس کے بعد ان کو گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی ٹیم نے ان گرفتار شدگان کے انکشاف پر لاکھوں روپیے مالیت کا مال مسروقہ بر آمد کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہے اور مزید گرفتاریاں اور بر آمدگی متوقع ہیں۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.