دفاعی ذرائع نے بتایا کہ کوکرناگ کے گڈول گاوں میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جوں ہی جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا تو اسی اثنا میں وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔
دفاعی ذرائع کے مطابق ملی ٹینٹوں کی ابتدائی فائرنگ میں آرمی میجر ، ڈی ایس پی سمیت چار اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ فوجی میجر کی حالت ہسپتال میں نازک بنی ہوئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ ملی ٹینٹوں کو مار گرانے کی خاطر ہیلی کاپٹروں کی خدمات حاصل کی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ علاقے کی اور اضافی کمک کو بھی روانہ کیا گیا تاکہ ملی ٹینٹوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہ ہو سکے۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں شدید گولیوں کا تبادلہ جاری تھا۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔





