وادی علم و ادب کا گہوارہ

وادی علم و ادب کا گہوارہ

وادی کشمیر ہمیشہ سے ہی ادب و شاعری کا مرکز رہی ہے ۔صوفیوں اور ولیوں کی اس وادی میں جہاںاےک طرف لل عارفہ جیسی عظیم المرتب خاتون نے اپنی شعری کےذریعے سے دنیا کو یہ پیغام دیاہے کہ یہاں ہندو مسلم ایک مالی کے دو پھول ہیں، وہیں حضرت شیخ نور الدین ولیؒنے بھی اپنی شاعری کے ذریعے سے عالم انسانیت کو زندگی گزارنے کے لئے بہتر گُر سکھائےہیں۔جہاں حضرت شمس فقیر نے اپنی شاعری سے بنی نواع انسان کو اپنے وجود میں جھانک کر خود شناسی کا سبق دیا ہے، وہیں آزاد اور مہجور جیسے شاعروں نے عوام کو انقلاب کا درس دیا ہے۔

شعر و ادب کی ان تعلیمات کو عام کرنے میں اگر چہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران کافی رکاوٹیں اور مشکلات اہل علم کو درپیش آئیں۔ تاہم ان نامساعد حالات کے دوران وادی کے مشہورو معروف ادیب،شاعر اور براڈکاسٹر عبدالاحد فرہاد نے بغیر کسی خوف و ڈر کے اس مشعل کو فروزاںرکھا۔انہوں نے ریڈیو کشمیر میں نوکری کے دوران نہ صرف اس اہم قومی ادارے کے لئے صوفی بزرگوں کے ساتھ بات چیت پر مبنی پروگرام ”گاشہ تارکھ “کے ذریعے سے گھر گھر تک ان بزرگوں کا پیغام پہنچایا بلکہ دوردرشن میں بھی” تارک مال“ پروگرام کی وساطت سے اپنی بہتر خدمات انجام دیں۔عبدالاحد فرہاد کی آواز بحیثیت نیوز ریڈر برصغیر میں مشہو ر ہوئی، اس طرح انہوں نے وادی کے ہر علاقے میں جاکر اُن صوفی شعراءکو کھوج نکالا جن کے بارے میں کسی کو معلوم نہ تھااور آج کے دور میں ان شعراءکے کلام ریڈیو پر مقبول عام ہوچکے ہیں۔فرہاد صاحب کی صوفیوں اور صوفیت کے ساتھ بے پناہ عقیدت ہے لہٰذا وہ آج بھی ادارہ ایشین میل کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر صوفیوں کے ساتھ ملاقاتوں پر مبنی پروگرام’ بزمِ عرفان‘ مسلسل چلا رہے ہیں۔

فرہاد صاحب نے اگر چہ لگ بھگ دو سو صوفی شعراءحضرات کے شعاری مجموعوں کے ابتدائی کلمات لکھے ہیں، لیکن صاحب ِکتاب وہ آج پہلی مرتبہ خود بن گئے۔اُن کی غزلیات،نظموں اور نعتوں پر مبنی تین کتابوں کی رسم رونمائی کل ایک پُروقار تقریب کے دوران سرینگر کے ٹائیگور ہال میں انجام دی گئی جس کا اہتمام جموںو کشمیر کلچرل اکیڈیمی آف آرٹ ، کلچر اینڈ لینگویجزنے ایشین میل کمیو نیکیشنز کے اشتراک سے کیا تھا۔اس تقریب میں اگر چہ ادبی حلقوں سے وابستہ مقتدر شخصیات نے شرکت کی، تاہم فرہاد صاحب کےچاہنے والوں کی اچھی خاصی تعداد بھی اس تقریب میں شامل رہی۔ادارہ ایشین میل وادی کے ایسے بے لوث صوفی خدمت گاروں اور اہل علم حضرات کی نہ صرف حوصلہ افزائی کرتاہے بلکہ ان کے پیغامات کو عام کرنے میں ہر ممکن کوشش کرتا ہے۔

ادارہ ایشین میل وادی کی اُن تمام ادبی شخصیات کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، جو وادی میں علم و ادب اور صوفی تعلیمات کو عام کرنے میں اپنی خدمات انجام دیتے ہیں ۔ادارہ ایشین میل ، انتظامیہ اور دیگرمتعلقہ اداروں سے ملتمس ہے کہ وہ اپنے فرائض بغیر کسی تعصب اورذات پات کے انجام دیں تاکہ یہ وادی علم و ادب کے نور سے ہمیشہ منور رہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.