وادی بھر میں مطلع ابر آلود ،بارشوں کا امکان برقرار
سات روزہ موسمی ایڈوائزی جاری ،26سے28جولائی کے لئے یلو الرٹ
شوکت ساحل
سرینگر :: جواہر ٹنل کے آر پار گزشتہ چند روز سے جاری نا موافق موسمی صورتحال کے سبب جہاں کئی علاقوں میں سیلابی صورت ِ حال پیدا ہوگئی ،وہیں دریاﺅں اور ندی ونالوں میں سطح آب میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے 7روزہ موسمی کلینڈر جاری کیا ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ 30جولائی تک جموں وکشمیر میں موسمی صورت ِ حال ابتر رہنے کا امکان ہے ،جس دوران کہیں کہیں درمیانہ درجے سے لیکر شدید بارشیں متوقع ہے ۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق 24اور25جولائی کو جموں وکشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کیساتھ ساتھ بعض مقامات پر بارشوں کا امکان ہے ۔تاہم ترجمان کے مطابق 26اور27جولائی کو مغربی ہواﺅں کا اثر زیادہ رہنے سے شدید بارشیں متوقع ہیں ۔محکمہ موسمیات نے اِ ن دونوںدنوں کے لئے ”بلیو الرٹ “ الرٹ جاری کیا ۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق ان دونوں دنوں وسیع پیمانے پر بارشیں ہونے کا قوی امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات نے 26سے28جولائی کے لئے یلو الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ان ایام کے دوران بھی جموں وکشمیر میں بارشیں متوقع ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 28سے30جولائی تک جموں وکشمیر میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی تو کہیں درمیانہ درجے سے لیکر شدید بارشیں متوقع ہیں ۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران پیر کی صبح ساڑھے 8بجے تک جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں4.3ملی میٹر بارشیں ریکارڈ کی گئیں جبکہ سرینگر (آئی اے ایف ) اسٹیشن پر3.4ملی میٹر بارشیں درج ہوئیں ۔اسی طرح سرحدی ضلع کپوارہ میں 3.6ملی میٹر ، گیٹ وے آف کشمیر کہلانے والے قصبہ قاضی گنڈ میں2.4ملی میٹر ، جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقام کوکرناگ میں0.8ملی میٹر ، سیاحتی مقام پہلگام میں4.0ملی میٹر ، شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں18.6ملی میٹر ،جموں وکشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں میں 0.0ملی میٹر ، بانہال میں1.2ملی میٹر ، بٹوت میں2.0ملی میٹر ، کٹرا میں0.0ملی میٹر اور بھدرواہ میں0.0ملی میٹر بارشیں ریکارڈ کی گئیں ۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت18.2ڈگری سیلسیس ، کپوارہ میں17.0ڈگری سیلسیس ، قاضی گنڈ میں 18.4ڈگری سیلسیس ، کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 18.2ڈگری سیلسیس ، پہلگام میں 14.3ڈگری سیلسیس ، گلمرگ میں 10.8ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔جموں میں یہ درجہ حرارت26.4ڈگری سیلسیس، کٹرا میں23.5ڈگری سیلسیس، بانہال میں 18.3ڈگری سیلسیس، بھدرواہ میں18.1ڈگری سیلسیس اوربٹوت میں کم سے کم درجہ حرات18.9ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ اگلے24گھنٹوں کے دوران مطلع مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ سرینگر میں زیادہ سے زیادہ26ڈگری سیلسیس کے آس پاس اور جموں میں یہ درجہ حرارت 34ڈگری سیلسیس کے اس پاس رہنے کا امکان ہے ۔