سری نگر، 22 جولائی : فارسٹ ڈویژن سندھ گاندربل کے عارضی ملازموں نے ہفتے کے روز یہاں پریس کالونی میں جمع ہو کر اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج درج کیا۔
احتجاجی جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے اور تنخواہوں کی واگذاری کا مطالبہ کر رہے تھے۔
اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تنخواہ واگذار نہیں کی جا رہی جس کے لئے ہم احتجاج کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم 29 دنوں سے اپنے دفتر کے باہر احتجاج کر رہے تھے لیکن کوئی افسر ہمارے پاس نہیں آیا۔
ان کا کہنا تھا: ‘تنخواہ واگذار نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے بچے اسکول نہیں جا پا رہے ہیں’۔
موصوف احتجاجی نے کہا کہ ہم کل 256 ملازمین ہیں جن میں 65 ملازموں کو تنخواہ واگذار کی گئی ہے جبکہ 191 ملازم تنخواہوں کے بغیر ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘ہماری تنخواہ آئی ہے لیکن اس کو بند کیا گیا ہے’۔
ایک اور احتجاجی نے کہا کہ ہماری تنخواہ پچھلے تین مہینوں سے بند ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی اپنی ڈیوٹی انجام دے رے ہیں اور 2018 سے ہماری تنخواہ اچھی طرح سے واگذار کی جاتی تھی۔
احتجاجیوں نے متعلقہ حکام سے تنخواہ واگذار کرنے کا مطالبہ کیا۔
یو این آئی





