سمارٹ سٹی منصوبہ:سرینگر کے کئی مقامات پر ’فری وائی فائی انٹر نیٹ سروس ‘ شروع

سمارٹ سٹی منصوبہ:سرینگر کے کئی مقامات پر ’فری وائی فائی انٹر نیٹ سروس ‘ شروع

شوکت ساحل

سرینگر::عوامی اور سیاحتی مقامات پر مقامی رہائشیوں، سیلانیوں اورسیاحوںکو انٹرنیٹ تک رسائی فراہم کر نے کے لئے جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں ’فری وائی فائی انٹر نیٹ سروس ‘ شروع کی گئی جبکہ اس حوالے سے کئی مقامات پر زونز قائم کئے گئے ہیں۔یہ اقدام جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی ہدایت اور سمارٹ سٹی منصوبے کے تحت اٹھایا گیا۔

سرینگر میں اب کئی ایسے مقامات ہیں ،جہاں مقامی رہائشیوں،سیلانیوں اور سیاحوں کو فری وائی فائی انٹر نیٹ سروس کی سہولیت فراہم ہورہی ہے۔سری نگر میں سمارٹ سٹی منصوبے کے ایک حصے کے طور پر ’فری وائی فائی‘ زون قائم کیے گئے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد شہر بھر کے مقررہ کردہ عوامی اور سیاحتی مقامات پررہائشیوں،سیاحوں وسیلانیوںکو انٹرنیٹ تک رسائی فراہم کرناہے۔سرینگر میں کئی سیاحتی مقامات کی نشاندہی ہوچکی ہے ،جہاں یہ سہولیت فراہم کی جارہی ہے۔

’فری وائی فائی زونز‘ کو زیرو برج، جہلم پارکس، بازاروں ، عوامی مقامات اور مقبول ترین مقامات پر قائم کئے گئے ہیں تاکہ لوگوں کو مفت انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہو سکے۔ ڈیجیٹل مواصلاتی رابطے کو بڑھانے اور سری نگر میں ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینے کی طرف یہ ایک اہم قدم تصور کیا جارہا ہے۔نوجوانوں نے کہا کہ موجودہ دور میں اس طرح کی سہولیت فراہم کرنا وقت اہم تقاضا ہے

پلوامہ سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم ،مبشر احمد نے کہا کہ وہ سرینگر میں قیام کئے ہوئے ہیں اور یہاں ’نیٹ امتحان ‘ کی تیاری میں مصروف ِ عمل ہے ۔ان کا کہناتھا کہ اس وقت موسم گرم ہے اور شام کے وقت چہل قدمی کے لئے وہ زیرو برج اور ریور فرنٹ پرآتے رہتے ہیں ،ایک تو چہل قدمی ہوتی ہے دوسرا یہ کہ یہاں فری وائی فائی انٹر نیٹ کی سہولیت میسر ہونے سے وہ پڑھائی کا عمل بھی جاری رکھ پاتے ہیں ۔

ایک اور طالب علم منور شاہ نے بتایا کہ یہ سہولیت طلبہ کے لئے کافی فائدہ مند ہے ۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کا جیب خرچہ محدود ہوتا ہے ،ایسے میں ہر وقت انٹر نیٹ رابطہ قائم رکھنا مشکل ہے ،فری وائی فائی انٹر نیٹ سروس سے ذہنی کوفت دور ہوجائے گی ۔گجرات سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون سیاح کویتا کمار ی نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر انٹر نیٹ کی سہولیت دستیاب رہنے سے وہ اپنے عزیزوں کیساتھ رابطے میں رہتے ہیں جبکہ اُنہیں کشمیر کی تہذیب ،تمدن ،ثقافت اور تاریخ کے بارے میں مزید جاننے کا موقع بھی ملتا ہے ۔مفت وائی فائی زونز رہائشیوں اور سیاحوں کو جڑے رہنے، اہم معلومات تک رسائی اور ہر جگہ مختلف آن لائن خدمات استعمال کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔ رہائشی ،سیلانی اور سیاح اب فری وائی فائی زونز میں مفت وائی فائی کنیکٹیویٹی سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں اور ہو رہے ہیں۔

حکام نے کہا کہ یہ اقدامات جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گور نر منوج سنہا کی ہدایت پر اٹھائے گئے ہیں۔ان کا کہناتھا کہ مقامی نوجوان نسل اس جدید سہولیت سے زیادہ مستفید ہوجائے گی ۔ان کا کہناتھا کہ زیرو برج اور ریور فرنٹ کے گرد ونواح میں یہ سہولیت متعارف کرانے کا مقصد کوچنگ سینٹروں میں زیر تعلیم طلبہ کو سہولیت فراہم کرنا ہے جبکہ سیاح بھی اس سہولیت سے مستفید ہو جائیں گے ۔ان کا کہناتھا کہ پورے شہر میں پبلک پارٹنر شپ (عوامی شراکت داری) کی بنیاد پر فری وائی فائی زونز قائم کئے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ایک حد تک صارفین کو مفت انٹر نیٹ سہولیت فراہم کیا جائے جبکہ مقررہ حد سے زیادہ انٹر نیٹ استعمال کرنے پر صارفین کو سستے چارجز کی ادائیگی کرنے ہوگی ۔ان کا کہناتھا کہ پہلے مرحلے پر سارفین کو مفت انٹر نیٹ کی سہولیت فراہم کی جارہی ہے ۔ یہ ایک بہت اچھا اقدام ہے جو نہ صرف شہر کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے میں مدد کرے گا بلکہ سری نگر میں رہنے اور کام کرنے کے مجموعی تجربے کو بھی فروغ دے گا ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.