مستقل امن کی بحالی کے ساتھ جموں وکشمیر میں افسپا ہٹایا جائے گا: راج ناتھ سنگھ

مستقل امن کی بحالی کے ساتھ جموں وکشمیر میں افسپا ہٹایا جائے گا: راج ناتھ سنگھ

جموں، 26 جون:مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں مستقل امن کی بحالی کے ساتھ ہی آرمڈ فورسز سپیشل پاور ایکٹ (اے ایف ایس پی اے) کو ہٹا دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جہاں شمال مشرقی ہندوستان میں شورش کے مسئلے پر قابو پالیا گیا ہے وہیں ہم بائیں بازو کی انتہا پسندی پر بھی قابو پانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

موصوف وزیر دفاع نے ان باتوں کا اظہار پیر کو یہاں جموں یونیورسٹی کے جنرل زورا ور سنگھ آڈیٹوریم میں قومی سیکورٹی کنکلیو سے خطاب کے دوران کیا

انہوں نے کہا: ‘ جہاں شمال مشرقی ہندوستان میں شورش کے مسئلے پر قابو پالیا گیا ہے وہیں ہم بائیں بازو کی انتہا پسندی پر بھی قابو پانے میں کامیاب ہوئے ہیں’۔

ان کا کہنا تھا: ‘آج شمال مشرق کے بڑے حصوں سے افسپا کو ہٹا دیا گیا ہے میں اس دن کا انتظار کر رہا ہوں جب جموں وکشمیر میں مستقل طور پر امن قائم ہوگا اور یہاں سے بھی ہمیں افسپا ہٹانے کا موقع مل جائے گا’۔

وزیر داخلہ نے لداخ میں چین کے ساتھ تنازعے کے تناظر میں بات کرتے ہوئے کہا:’سال 2020 میں لداخ میں تنازعہ ہوا اس کی وجہ یہ تھی کہ چین نے طے شدہ پروٹوکال کو نظر انداز کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ چین کی فوج نے وہاں تبدیلی کرنے کی کوشش کی جس کو ہمارے بہادر جوانوں نے ناکام بنا دیا۔

ان کا کہنا تھا: ‘میں جانتا ہوں کہ ہمارے فوجی جوان کن حالات اور کس بہادری سے لڑتے ہیں جب بھی گلوان وادی کی تاریخ لکھی جائے گی تو قوم اپنے بہادر جوانوں کے حوصلے اور ہمت پر فخر کرے گی’۔

راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ میں اس بات کو رد کرتا ہوں کہ چین نے بڑے حصے پر قبضہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کو لے کر بھارت اور چین کے درمیان فوجی اور سفارتی سطح پر بات چیت چل رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا: ‘میں یقین کے ساتھ کہتا ہوں کہ بھارت کے سرحدوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا’۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.