بڈگام کے چاڈورہ علاقے میں آتشزدگی، دارلعلوم کی عمارت خاکستر

بڈگام کے چاڈورہ علاقے میں آتشزدگی، دارلعلوم کی عمارت خاکستر

بڈگام، 17 جون: وسطی ضلع بڈگام کے چاڈورہ علاقے میں ہفتے کی علی الصبح آگ کی ایک واردات میں ایک دارلعلوم کی عمارت خاکستر ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق چاڈورہ کے کوٹھی پورہ علاقے میں ہفتے کی صبح قریب چار بجے ایک دارلعلوم کی عمارت میں آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے نہ صرف عمارت کو خاکستر کر دیا بلکہ طلبا کے کپڑوں اور کتابوں کو بھی راکھ کے ڈھیر میں بدل دیا۔
فردوس احمد نامی ایک مقامی نے میڈیا کو بتایا کہ آگ چار بجے نمودار ہوئی اور سوا چار بجے ہم نے فائر سروس محکمے کو مطلع کیا جو چھ بجے یہاں پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقے میں یہ دارلعلوم گذشتہ دس بارہ برسوں سے چل رہا ہے اور اس میں قریب 60 بچے زیر تعلیم ہیں جن کے قیام و طعام کا انتظام یہیں پر کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دارلعلوم کے سارے بچے محفوظ ہیں لیکن ان کے کپڑے اور کتابیں خاکستر ہوئی ہیں۔
انہوں نے اور وہاں موجود دیگر لوگوں نے عوام اور حکومت سے اپیل کی کہ وہ اس دارلعلوم کی بھر پور مدد کریں تاکہ اس کی دوبارہ تعمیر عمل میں لائی جاسکے۔
دارلعلوم کے ایک طالب علم محمد صدام نے میڈیا کو بتایا کہ جس وقت آگ لگ گئی ہم اس وقت مسجد میں نماز ادا کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے آگ بجھانے کی کوشش کی اور پھر مقامی لوگ بھی آگ بجھانے میں جٹ گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اسی دارلعلوم میں پڑھنا چاہتے ہیں اور لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس کی سر نو تعمیر کے لئے ہماری بھر پور مدد کریں۔
دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے کارروائیاں شروع کی ہیں۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.