بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
8.7 C
Srinagar

سنگبازوں اور ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوثین کے لئے پاسپورٹ آفس کے در وازے بند

15دسمبر 2022سے اب تک38ہزار130نئے پاسپورٹ اجراءکئے گئے ،زیر التواءدرخواستوں کی تعداد صفر :ریجنل پاسپورٹ افسر دویندر کمار

شوکت ساحل

سرینگر:کشمیر ولداخ کے ریجنل پاسپورٹ افسر ،دیویندر کمار نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ سنگبازوں اور ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کو پاسپورٹ نہیں ملیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ کے خواہشمند در خواست گزار وں کے لئے آن لائن سے لیکر ریجنل پاسپورٹ آفس نہرو پارک سرینگر تک اتنی آسانیاں لائی گئیں ،کہ ایک بھی شخص مایوس ہو کر دفتر سے واپس نہیں جائے گا جبکہ شکایت کنند گان کے لئے وہ (دیویندر کمار) ہر وقت دستیاب ہیں ۔

ایشین میل ملٹی میڈیا کے پروگرام ’ون آن ون ‘ میں خصوصی گفتگو کے دوران دیویندر کمار نے کہا کہ 15دسمبر2022کو انہوں نے اس دفتر کا چارج سنبھالا ،جب سے لیکر آج تک ساڑھے 7ہزار زیر التوا ءدرخواستوں کو نمٹاکر (التواءدرخواستوں ) کی شرح مارچ 2023میں صفر پر لائی گئی ۔ان کا کہناتھا کہ آن لائن درخواست دینے کے بعد در خواست گزار کو ریجنل آفس سرینگر تک رسائی حاصل کرنے اور مزید لوازات پورے کرنے کے لئے اڑھائی ماہ کا انتظار کرنا پڑتا تھا ،جس کی مدت کو کم کرکے40روز اور اُس سے بھی کم کردیا گیا ۔

 

دیویندر کمار نے کہا کہ چارج سنبھالنے کے بعد اب تک اُنہیں 42ہزار76درخواستیں موصول ہوئیں جنہیں فوری طور پر نمٹا دیا گیا ۔ان کا کہناتھا کہ 15دسمبر 2022سے اب تک 38ہزار130پاسپورٹ اجرا ءکئے گئے جبکہ 2ہزار149پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ (پی سی سی ) بھی جاری کئے گئے۔کشمیر ولداخ کے ریجنل پاسپورٹ افسر نے بتایا کہ حج2023کے سلسلے میں وادی کشمیر اور لداخ میں خصوصی کیمپس منعقد کئے گئے ،جس دوران ایک ہی دن میں وادی کشمیر میں ساڑھے 7سو کے قریب حجاج کرام کے ترجیحی بنیادوں پر پاسپورٹ جاری کئے گئے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک درخواست گزار کو آن لائن درخواست دینے کے بعد قریب اڑھائی مہینے تک انتظار کرنا پڑتا ہے ،جس کو ختم کرنے40روز کردیا گیا جبکہ اس ضمن میںوزارت خارجہ سے اجازت حاصل کرنے کے بعد پاسپورٹ آفس میں دو خصوصی کاﺅنٹرقائم کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ کاﺅنٹر قائم کرنے سے اضافی 70درخواست گزاروں کی لوازمات کو پورا کیا جاتا ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر قریب قریب575در خواست گزاروں کے کیسوں کو دیکھا جاتا ہے ۔

دیویندر کمار نے کہا کہ پاسپورٹ کے خواہشمند در خواست گزار وںکو اب دفتر کے مرکزی دروازے پر قطار میں بیٹھنا نہیں پڑ رہا ہے بلکہ شکا یت ہی ختم کردی گئی ۔اس کے علاوہ در خواست گزاروں کے لئے دفتر کے اندر ایک ’ویٹنگ روم ‘(انتظار گاہ ) کو بھی قائم کیا گیا ۔ کشمیر ولداخ کے ریجنل پاسپورٹ افسر ،دیویندر کمار نے درخواست گزاروں کی سہویت کے لئے دفتر میں ضلع انتظامیہ سرینگر کے تعاﺅن سے ایک آدھار کاﺅنٹر بھی قائم کیا گیا جسکے نتیجے میں30فیصد درخواست گزاروں کو مختلف نوعیت کی سہولیت فراہم کی گئی ۔

 

وری فیکشن یعنی جانچ عمل کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہناتھا کہ پولیس اور کرائم ا انوسٹیگیشن ایجنسی (سی آئی ڈی)اور ریجنل پاسپورٹ آفس کے درمیان بہترین تال میل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماہانہ کی بنیاد پر متعلقہ تھانوںکے ایس پیز کو ایک فہرست سونپ دی جاتی ہے ،تاکہ درخواست گزاروں کی جانچ فوری طور پر ہوسکے اور اسکے علاوہ کیسوں(نئے وپرانے ) کیسوں کی نوعیت سے پولیس اور جانچ ایجنسیاں آگاہ رہ سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ کی سروے کے مطابق اوسطاً 25روز میں ہی ایک پاسپورٹ جاری کیا جاتا ہے جبکہ عام لوگوں کی سہولیت کے لئے ترجیحی بنیادوں پر ہر سطح پر اقدامات کئے جاتے ہیں ۔ایک اورسوال کے جواب میں کشمیر ولداخ کے ریجنل پاسپورٹ افسر ،دیویندر کمار نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ سنگبازوں اور ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کو پاسپورٹ نہیں ملیں گے اور جس کی بھی ’منفی رپورٹ ‘ پولیس کی جانب سے موسول ہوگی ،اُسے بھی پاسپورٹ نہیں ملے گا ۔ان کا کہناتھا کہ جن افراد کے خاندانی تنازعے کی وجہ سے ایف آئی ار درج ہے اور جو افراد سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث نہیں ہوں گے ،اُنہیں پاسپورٹ اجراءکرنے میں کوئی بھی قباحت نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پولیس کلیئر نس ملنے کے فوراً بعد تین کے اندر اندر بھی پاسپورٹ جاری ہوسکتا ہے ۔

کشمیر ولداخ کے ریجنل پاسپورٹ افسر ،دیویندر کمار نے کہا کہ پاسپورٹ میں کسی بھی تصحیح کے لئے گائیڈ لائنز موجود ہیں جبکہ دفتر میں اس حوالے سے علیحدہ کاﺅنٹر بھی درخواست گزاروں کے لئے قائم کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ بذات ِخود بھی کسی بھی شکایت کا ازالہ کرنے کے لئے دستیاب ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں پاسپورٹ کے حوالے سے وادی کشمیر کے طول وعرض میں ایک بیداری مہم بھی چلائی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر لوک عدالت بھی منعقد کی جائے گی ۔

Popular Categories

spot_imgspot_img