عبدالحمید نجار :ایک ایسے شیرین صوفی شاعر ،جن کی شاعری میںنعت اور شاستر دونوں کی مہک

عبدالحمید نجار :ایک ایسے شیرین صوفی شاعر ،جن کی شاعری میںنعت اور شاستر دونوں کی مہک

شوکت ساحل

تولہ مولہ وسطی کشمیر کے ضلع گاندر بل کے روحانی وصوفی مرکز کہلانے والے علاقہ ”تولہ مولہ “ سے تعلق رکھنے والے عبد الحمید نجار نے بلوغت میں قدم رکھنے کیساتھ ہی شوق ِ صوفیت کالباس زیب تن کیا ۔متعدد شاعری مجموعوں کے مصنف عبدالحمید نجار کے کلام میں ہمیں ہم آہنگی ،بھائی چارہ ،مذہبی روداری کی ایک ایسی زندہ مثال دیکھنے کو ملتی ہے ،جو شاید ہی کسی اور کشمیری شاعر میں دیکھنے کو ملتی ہو ۔

صوفی شاعر عبد الحمید نجار کی شاعری میں نعت اور شاستر دونوں کی مہلک کا احساس ہوتا ہے جبکہ ان کے کلام سے فضا کیساتھ ساتھ دل وروح معطر ہوتا ہے ۔ صوفی شاعر عبدالحمید نے ایشین میل ملٹی میڈیا کے ہفتہ وار پروگرام ”بزم ِ عرفان ‘ ‘میں معروف براڈ کاسٹر عبد الاحد فرہاد کیساتھ خصوصی گفتگو کی ۔اس شیرین گفتگو کے دوران عبدالحمید نجار نے کہا کہ عہد ِ جوانی میں ہی وہ صوفی بزرگوں کی صحبت میں رہے جسکی وجہ سے اُنہیں اعزاز میں صوفیانہ شاعری کا خطہ ارشاد حاصل ہوا ۔

عبد الحمید نجار پیشے سے ترکھان ہیں اور انہوں نے میٹرک تک مروجہ تعلیم حاصل کی ہے۔تاہم روحانی تعلیم میں وہ آج کے معلم ہیں ۔ عبدالحمید نے اپنے کامیاب سفر کا سہرا اپنے استادوں اور صوفی راہنماﺅں کے سر باندھا ۔ان کا کہناتھا کہ بیروہ بڈگام سے تعلق رکھنے والے صوفی بزرگ جناب عبدالستار صاحب ؒ کا تولہ مولہ آنا جانا رہتا تھا اور اُن کی وفات کے بعد مرحوم کے فر زند حضرت عبد الرحیم جانشین بن گئے ،تو وہ اُنکی صحبت میں آگئے ۔

انہوں نے کہا کہ موصوف صوفی بزرگ کی صحبت میں لانے میں اُن کے پڑوسی عبد الغنی وانی کا کلیدی کردار رہا ہے ۔عبد الحمید نجار نے چالیس روزہ چلہ کشی بھی ہے اور چالیس روز وحید پورہ گاندر بل میں ایک صوفی بزرگ کے در بار میں عبادت وریاضت میں محو رہے ۔

تولہ مولہ گاندر بل کے صوفی روحانی مرکز میں جہاں ایک طرف ماتا کھیر بھوانی کا مندر ہے ،وہیں دوسری جانب حضرت میر بابا حیدر تل ملی ؒ کا آستان عالیہ بھی واقع ہے ۔اسی روحانی سحر انگیز ماحول ،فضا اور تاثیر سے متاثر ہوکر عبدالحمید نجار نے اپنے اندر موجود روحانی صوفی سخن کو پروان چڑھایا ۔عبدالحمید کے دو شاعری مجموعے منظر عام پر آچکے ہیں جبکہ یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.