سری نگر، 3 مئی : بارڈر روڈ آرگنائزیشن (بی آر او) کا کہنا ہے کہ امرناتھ یاترا ٹریک پر مرمتی کام 15 جون سے پہلے ہی مکمل کیا جائے گا۔
جنوبی کشمیر کے ہمالیہ پہاڑوں میں 3 ہزار 8 سو 80 میٹر کی بلندیوں پر واقع شری امر ناتھ مندر کی سالانہ یاترا یکم جولائی سے شروع ہوگی جو 31 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔
متعلقہ حکام نے بتایا کہ بی آر او کے دائرہ کار میں برف ہٹانا، ٹریک کی کشادگی،فٹ برجوں کی بحالی،ٹوٹی ہوئی دیواروں کی تعمیر نو وغیرہ شامل ہے۔
حکام کے ایک بیان کے مطابق بالتل سے پوتر گھپا تک کے ٹریک کی دیکھ بھال اس سے قبل محکمہ تعمیرات عامہ جموں و کشمیر نے کی تھی اور چندن واری سے پوتر گھپا تک کی دیکھ بھال پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ٹریک پچھلے سال ماہ ستمبر میں دیکھ بھال اور اپ گریڈیشن کے لیے بی آر او کے حوالے کیے گئے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ بی آر او شری امر ناتھ یاترا ٹریک کی مرمت کا کام 15 جون سے پہلے مکمل کرے گا۔
یو این آئی